چند چوروں کو نااہل کرنے کا ڈرامہ کر کے الیکشن کمیشن عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہا ہے۔ ڈاکٹر محمد طاہر القادری
"خالی خانہ" کے ایک جزو کو مان کر الیکشن کمیشن یہ تاثر دے رہا
ہے کہ اس نے بہت بڑا تیر مار لیا ہے
Vote For None کا خانہ بنا کر دھرنوں کو روکا نہیں جا سکتا
مرمت سے کام چلانے کی کوشش قوم کو ملبے تلے دبانے کا مکروہ اقدام ہو گا
ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور
سے ٹیلی فونک گفتگو
پاکستان عوامی تحریک کے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ علی بابوں کو چھوڑ کر چند چوروں کو نااہل کرنے کا ڈرامہ کر کے الیکشن کمیشن عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہا ہے۔ حقیقت میں نااہلیت کا عمل آٹے میں نمک کے برابر بھی نہیں ہو رہا۔ جمہوریت کی دھجیاں بکھیری جا رہی ہیں اور عدالتوں اور الیکشن کمیشن کے ہونٹ سلے ہوئے ہیں۔ "خالی خانہ" کے ایک جزو کو مان کر الیکشن کمیشن یہ تاثر دے رہا ہے کہ اس نے بہت بڑا تیر مار لیا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک نے موجودہ کرپٹ نظام انتخاب کو کلیتاً مسترد کیا ہے۔ Vote For None کا خانہ بنا کر دھرنوں کو روکا نہیں جا سکتا۔ پولنگ ڈے کو دھرنے اس لیے دیے جا رہے ہیں کہ عالمی اور قومی سطح پر کرپٹ نظام کے خلاف احتجاج ریکارڈ پر لایا جائے۔ 11 مئی کو ملک بھر میں ہونے والے دھرنے نظام انتخاب کو بدلنے کی بنیاد ثابت ہوں گے۔
وہ لندن سے پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور سے ٹیلی فونک گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک آج بھی اپنے موقف پر قائم ہے کہ موجودہ الیکشن کمیشن غیر آئینی ہے۔ موجودہ نظام انتخاب مخدوش اور بوسیدہ ترین عمارت ہے جس سے ملک و قوم کو شدید ترین خطرہ ہے اس لیے مسمار کر کے اسکی تعمیر نو کی ضرورت ہے۔ مرمت سے کام چلانے کی کوشش قوم کو ملبے تلے دبانے کا مکروہ اقدام ہو گا۔ قوم کو قبل از وقت آگاہ کر رہا ہوں کہ موجودہ نظام کے تحت ووٹ ڈالنا جرم ہو گا۔ اس جرم میں شامل ہونے کی بجائے عوام کو شعور و آگہی کی چھتری تلے پاکستان عوامی تحریک کے دھرنوں میں شریک ہو کر پوری دنیا کو جمہوری شعور کا ثبوت دینا ہو گا۔
تبصرہ