ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم - اپریل 2013

لاہور: تحریک منہاج القرآن کے مرکزی گوشہ درود کے زیراہتمام ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم 4 اپریل 2013ء کو مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوئی۔ جس میں صدر فیڈرل کونسل تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، امیر تحریک صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی، شیخ الفقہ مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی اور شیخ الادب پروفیسر محمد نواز ظفر نے خصوصی شرکت کی۔ جبکہ تحریک منہاج القرآن کے مرکزی قائدین و سٹاف ممبران کے علاوہ لاہور بھر سے مرد و خواتین کی کثیر تعداد محفل میں شریک تھی۔

پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا جس کی سعادت حافظ قاری محمد عثمان نے حاصل کی، اس کے بعد ثناء خوانی کا سلسلہ شروع ہوا۔ جس میں سید بہادر علی بخاری، قاری محمد عثمان، منہاج نعت کونسل بلالی برادران، شہزاد برادران اپنے مخصوص انداز میں نعتیہ کلام پیش کیے۔

صدر فیڈرل کونسل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے محفل کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ارشاد باری تعالیٰ ہے کہ ‘‘بے شک اﷲ اور اس کے فرشتے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درود بھیجتے ہیں اے ایمان والو تم بھی ان پر (کثرت کے ساتھ) درود اور خوب سلام بھیجا کرو۔’’

پس درود و سلام وہ افضل ترین اور منفرد عبادت ہے اور یہ وہ افضل ترین عمل ہے جس میں اﷲ تبارک و تعالیٰ اور اس کے فرشتے بھی بندوں کے ساتھ شریک ہوتے ہیں اور اس عمل کے ذریعے بندے کو اﷲ کا قرب نصیب ہوتا ہے اور اس کے ذریعے گناہوں کی بخشش، درجات کی بلندی اور قیامت کے روز حسرت و ملال سے امان نصیب ہوتا ہے۔

حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درود و سلام بھیجنے والے کے لئے درود و سلام کی فضیلت و اہمیت جاننے کے لئے یہی کافی ہے کہ اس کے عوض اﷲ اور اس کے فرشتے اس شخص پر درود و سلام بھیجتے ہیں اور خود حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بھی اس پر درود و سلام بھیجتے ہیں۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے مزید کہا کہ "حضرت ابو بردہ بن نیار رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ میری امت کا جو بندہ بھی صدق دل کے ساتھ ایک مرتبہ مجھ پر درود بھیجتا ہے تو اللہ تعالیٰ اس کے بدلے میں اس پر دس مرتبہ رحمت اور سلامتی نازل فرماتا ہے اور اس کے دس درجات بلند فرماتا ہے اور دس گناہ مٹاتا ہے۔"

انہوں نے کہا کہ فروغ عشق مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، ربط رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں استقامت و مداومت اور اسوہء حسنہ پر عمل کے فروغ کےلئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی حسب ہدایات تحریک منہاج القرآن کے مرکز پر گوشہء درود کے علاوہ دنیا بھر میں حلقات درود قائم کیے گئے ہیں۔ جس کے ذریعے عالمگیر سطح پر قربت رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور نسبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو مستحکم کر کے بارگاہ ایزدی سے برکات کا حصول ممکن بنایا جا رہا ہے۔

خطاب کے بعد درود و سلام کا نذرانہ بھی پیش کیا گیا۔ پروگرام کا باقاعدہ اختتام دعا سے ہوا اور آخر میں تمام شرکاء میں لنگر تقسیم کیا گیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top