معلق پارلیمنٹ میں عوام کے حقوق بھی معلق رہیں گے: ڈاکٹر طاہرالقادری
موجودہ نظام انتخاب اورسٹیٹس کو ایک دوسرے کے محافظ ہیں۔
معلق پارلیمنٹ میں عوام کے حقوق بھی معلق رہیں گے۔
الیکشن ڈرامہ جمہوریت کے ماتھے کا بدنما داغ ثابت ہوگا: ڈاکٹر طاہرالقادری
اسلام آباد: پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹرمحمد طاہرالقادری نے کہا کہ الیکشن ڈرامہ جمہوریت کے ماتھے پر بدنما داغ ثابت ہوگا، پاکستان کی معاشی بہتری اور خطے میں اس کے مفادات کی جنگ لڑنے کے لئے ضروری تھا کہ جاندار اور اہل پارلیمنٹ وجود میں آتی مگرنہایت افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کہ مستقبل کی پارلیمنٹ بھی مایوسی کے سوا کچھ بھی ڈلیور نہیں کرسکے گی۔ موجودہ نظام کے تحت ہونے والے انتخابات پاکستان کے وجود کو خطرات لاحق کر دیں گے، اس لئے عوام موجودہ انتخابات کو اپنی پوری ذمہ داری کے ساتھ مسترد کر دیں اور موجودہ نظام کے خلاف اپنا جمہوری فرض ادا کرنے کے لئے عوامی تحریک کے دھرنوں میں شریک ہوں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن ڈے پر ہونے والے ملک گیر دھرنے حقیقی تبدیلی کا خواب شرمندہ تعبیر کرنے کے لئے اہم کردار ادا کریں گے، اس لئے خاموشی سے گھر بیٹھنے کی بجائے بڑی تعداد میں عوام دھرنوں میں شریک ہو کر سیاسی بیداری کا ثبوت دیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ جمہوریت کا تسلسل ہی ملکوں کی ترقی اور عوام کو خوشحالی کی منزل تک لے کرجاتاہے اور انتخابات ہی اقتدار کی منتقلی کا بہترین ذریعہ ہوتے ہیں مگر بدقسمتی سے پاکستان میں نظام انتخاب کی شفافیت کی بجائے انتخابات صرف بطور رسم ادا کیا جاتا ہے۔ جس کے باعث ہم حقیقی جمہوریت کے ثمرات سے دور ہوتے جارہے ہیں۔
وہ گزشتہ روز لندن سے راولپنڈی اسلام آباد کے کارکنان سے ٹیلی فونک گفتگو کررہے تھے، انہوں نے پاکستان عوامی تحریک کے عہدیداران و کارکنان کو دھرنے کو کامیاب بنانے کے لئے خصوصی ہدایات دیں۔
انہوں نے کارکنان کو دھرنوں کے دوران پر امن رہنے کی خصوصی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ انتخابی نظام کو مسترد کرنے کے لئے پر امن دھرنے میں شرکت کے لئے عوام رابطہ مہم کادائرہ وسیع کیاجائے اور ہر سطح پر بھرپور دعوت دے کر دھرنوں کو کامیاب بنانے کے لئے اپنی تمام تر توانائی صرف کی جائے۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ موجودہ انتخابی نظام اور سٹیٹس کو ایک دوسرے کے محافظ ہیں یہ عفریت گزشتہ کئی دہائیوں سے عوام کے حقوق کونگل رہا ہے، فوجی آمروں کے شب خون مارنے کا ذمہ دار بھی موجودہ نظام ہے، انتخابات کی رسم کے بعد پارلیمنٹ ایک بار پھر چند خاندانوں کے ہاتھوں یرغمال بن جائے گی، معلق پارلیمنٹ میں عوام کے حقوق بھی معلق رہیں گے اور لٹیروں کا کاروبار خوب چمکے گا۔
تبصرہ