مہنگائی اور لوڈ شیڈنگ ہمارے ملک کا سب سے بڑا مسئلہ بن چکی ہے۔ راضیہ نوید
موجودہ فرسودہ نظام انتخاب میں جانے سے کوئی بھی تبدیلی نہ آ سکے
گی
خواتین کی بڑی تعداد الیکشن ڈے پر دھرنے میں شامل ہو کر عوام کش نظام کو مسترد کر دے
گی
پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ اسلام آباد کی صدر راضیہ نوید نے کہا ہے کہ ملک میں بجلی کے بحران میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے جس سے غیر ملکی سرمایہ کاری میں خطرناک حد تک کمی ہو گئی ہے۔ پاکستان میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری غیر محفوظ سمجھی جا رہی ہے۔ مزدور بے روزگار ہو رہے ہیں، مہنگائی بے بس عوام کا قتل عام کر رہی ہے۔ بجلی کا بحران ایک بڑا مسئلہ بنتا جا رہا ہے لیکن اس اہم مسئلہ کا حل نام نہاد 5 سالہ جمہوری حکومت کی سنہری جمہوریت کے اصولوں میں نہیں آیا۔ موجودہ بجلی بحران سے نمٹنے کیلئے ہر ممکن بچت کرنا ہو گی۔ عوام اور ملک کی بقا کیلئے تمام ترقیاتی منصوبے پس پشت ڈال کر ہنگامی بنیادوں پر صرف اور صرف بجلی کی پیداوار بڑھانے پر زور دینا ہو گا تاکہ ملک وہ روشنی اور ترقی حاصل کر سکے جو پوری قوم کا خواب ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی سیکرٹریٹ میں اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز سے آئے ورکنگ ویمن کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نصرت امین اور دیگر بھی موجود تھیں۔
انہوں نے کہا کہ آمدنی کی نسبت گرانی میں ہوشرباء اضافہ عوام کی پریشانیوں کو مزید بڑھاتا جا رہا ہے۔ متوسط اور غریب طبقہ کی کمر ٹوٹ چکی ہے۔ مہنگائی اور لوڈ شیڈنگ ہمارے ملک کا سب سے بڑا مسئلہ بن چکی ہے۔ بجلی اور تیل کی قیمتوں میں اضافے کو جواز بنا کر عوام کی کھال اتاری جا رہی ہے۔ مہنگائی پر قابو پانے کیلئے ضروری ہے کہ سرکاری سطح پر قیمتوں کے تعین کیلئے مانیٹرنگ کا نظام بنایا جائے اور مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی پر قابو پانے اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے مؤثر اور ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ فرسودہ نظام انتخاب میں جانے سے کوئی بھی تبدیلی نہ آ سکے گی اس لیے خواتین 11 مئی کو پاکستان عوامی تحریک کے دھرنوں میں شرکت کر کے کرپٹ نظام کو مسترد کر دیں۔
تبصرہ