پاکستان کی سیاسی جماعتیں عوام کیلئے نہیں بلکہ عوام سے سیاست کر رہی ہیں۔ فیاض وڑائچ

11 مئی کو تبدیلی کی خواہش کرنے والا ہر فرد پاکستان عوامی تحریک کے پرامن دھرنوں میں شامل ہو

پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر فیاض وڑائچ نے کہا ہے کہ پاکستان کی سیاسی جماعتیں عوام کیلئے نہیں بلکہ عوام سے سیاست کر رہی ہیں۔ پارلیمنٹ نے 5 سال میں عوام کی خوشحالی اور ملکی استحکام کیلئے قانون سازی کرنے کی بجائے اراکین اسمبلی اور ایلیٹ کلاس کے مفادات کیلئے کام کیا۔ قومی وقار اور ملکی مفادات کو ذاتی منفعت اور چند روزہ اقتدار پر قربان کیا گیا۔

وہ گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک لاہور اور پنجاب کی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر جواد حامد، ساجد محمود بھٹی اور چودھری افضل گجر بھی موجود تھے۔

فیاض وڑائچ نے کہا کہ بغیر اصلاحات کے ہونے والے غیر آئینی الیکشن میں منشور کی سیاست کی بجائے وننگ ہارسز کے کلچر کو پروان چڑھا کر حقیقی جمہوریت کا گلا گھونٹا جا رہا ہے اور انتخابات کی رسم کو ادا کرنے کا نام سیاست رکھ دیا گیا ہے۔ وطن عزیز کی سیاست پر قابض جماعتیں قوم کو مسلسل بے وقوف بنانے اور غیرت و حمیت کا سودا کرنے میں مصروف عمل ہیں۔ انکی ترجیح قومی مفادات کو ذاتی مفادات پر قربان کرنا ہے۔ اگر وہ اس کوشش کا عشر عشیر بھی ملک کو سنوارنے، لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی کے خاتمے پر خرچ کرتے تو آج ہماری حالت اتنی دگرگوں نہ ہوتی۔ ظالمانہ نظام انتخاب محب وطن، باکردار اور باصلاحیت قیادت کو آگے لانے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ یہ نظام صرف معاشرے کی 2 فی صد ایلیٹ کو آگے لاتا ہے۔ عوام اس موجودہ ظالمانہ نظام انتخاب کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں کیونکہ اس سے جان چھڑائے بغیر ملک و قوم کی حالت سنوارنے کے سفر کا آغاز نہیں ہو سکتا۔ 11 مئی کو تبدیلی کی خواہش کرنے والا ہر فرد پاکستان عوامی تحریک کے پرامن دھرنوں میں شامل ہو کر اس فرسودہ نظام کے تحت ہونے والے الیکشن ڈرامے کو مسترد کر دے۔ کیونکہ تبدیلی عوام نے لانی ہے اور اسکا فیصلہ وہ جتنی جلدی کر لیں بہتر ہے۔ بطور قوم ہم پہلے ہی پچھلے 65 سال ضائع کر چکے ہیں۔ نوجوانوں کو تحریک پاکستان کے وقت ادا کئے گئے کردار کو پھر سے دہرانا ہو گا اور اس کیلئے ضروری ہے کہ وہ پاکستان عوامی تحریک میں شامل ہو کر ملکی مسائل کا ادراک اور انہیں حل کرنے کی صلاحیت سے مالا مال ہو۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top