پاکستان کو درپیش مسائل کا حل تعلیم و تربیت کے نظام کو تشکیل دینے میں مضمر ہے۔ شاہد لطیف

نااہل حکمرانوں نے تعلیم کو پہلی ترجیح پر رکھا ہوتا تو آج ہمارے ملکی حالات اتنے برے نہ ہوتے
اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، مری، پشاور اور میر پور سے آئے اساتذہ کے مختلف وفود سے ملاقات میں گفتگو

پاکستان میں ساری خرابیاں تعلیم پر عدم توجہ کی وجہ سے ہیں۔ پاکستان کو درپیش مسائل کا حل تعلیم و تربیت کے نظام کو تشکیل دینے میں مضمر ہے۔ جو ملک اور قومیں تعلیم پر توجہ دیتی ہیں وہ خوشحالی اور ترقی کی راہوں پر گامزن ہو جاتی ہیں۔ اگر ہمارے نااہل حکمرانوں نے تعلیم کو پہلی ترجیح پر رکھا ہوتا تو آج ہمارے ملکی حالات اتنے برے نہ ہوتے۔

ان خیالات کا اظہار منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے ڈائریکٹر شاہد لطیف نے سوسائٹی کے مرکزی آفس میں اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، مری، پشاور اور میر پور سے آئے اساتذہ کے مختلف وفود سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، جبکہ اس موقع پر علی وقار، سیف اللہ بھٹی، عمران بھٹی اور اقبال ڈوگر بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ منہاج ایجوکیشن سوسائٹی فروغ تعلیم کے ساتھ ساتھ بچوں کی فکری، نظریاتی اور اخلاقی تربیت پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں اور اس کا آغاز اساتذہ کی تربیت سے کیا ہے تا کہ اساتذہ کو رول ماڈل بنایا جائے۔ استاد کی عزت بحال کرنے پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

شاہد لطیف نے کہا کہ بے مقصد تعلیم معاشرے میں مسائل پیدا کر رہی ہے۔ ملک و قوم کے مسائل کے حل کیلئے علی گڑھ جیسے تعلیمی اداروں کی ضرورت ہے۔ علی گڑھ نے طلبہ کو وہ شعور دیا کہ وہ پاکستان بنانے میں کامیاب ہو گئے۔ منہاج ایجوکیشن سوسائٹی ایسے تعلیمی ادارے قائم کر رہی ہے جو ملک و قوم کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کے محافظ ثابت ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ وقت بہت تیزی سے بدل رہا ہے اس بدلتے ہوئے وقت میں وہی ترقی کر سکتا ہے جو وقت اور زمانے کے تقاضوں کو سمجھ کر چلے گا جو وقت کی رفتار کو نہیں سمجھتا وہ پیچھے رہ جائے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top