ڈاکٹر طاہرالقادری کا زلزلے سے انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس
زلزلوں کا سبب اللہ کی اپنے بندوں سے اظہار ناراضگی ہے
متاثرین زلزلہ کی جلد از جلد بحالی اور ہر ممکن امداد کی جائے اور زخمیوں کو علاج کی
بہترین سہولیات دی جائیں
پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ملک کے مختلف حصوں میں آنے والے شدید زلزلے کے باعث بلوچستان میں ہونے والے انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور دلی رنج کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں کے لئے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی اور حکومت وقت سے متاثرین زلزلہ کی جلد از جلد بحالی اور ہر ممکن امداد کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ زخمیوں کے فوری طور پر بہترین علاج کی سہولیات مہیا کی جائیں۔ زخمیوں کے علاج میں کسی قسم کی لاپرواہی نہ برتی جائے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین زلزلہ کو جتنا جلد ہو سکے امداد فراہم کی جائے۔
اسلام آباد میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز شدید ترین زلزلہ کی صورت میں متعدد افراد کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ زلزلے اور مختلف آسمانی آفات اللہ کی اپنے بندوں سے ناراضگی کاسبب ہوتے ہیں، اس لئے ہمیں چاہئے کہ اللہ کو راضی کریں اور دنیا کی لذتوں سے کنارہ کشی کر کے صرف اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بندگی کی جائے اور اپنے گناہوں سے تائب ہو کر اللہ کے حضور سجدہ ریز ہو جائیں اور اللہ کے بندوں کی خدمت کی جانب توجہ دیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاست دنیا اور مال بنانے کے لئے نہیں بلکہ اللہ کی رضا اور خوشنودی کے لئے کی جائے۔ اصل میں سیاست انسانیت کی خدمت کا نام ہے۔ آج سیاست کو قومی خزانے کو لوٹنے اور عیاشیوں کا نام دے کر اللہ کو ناراض کر دیا گیا ہے اور سیاست کے نام پر انسانیت کی تذلیل کی جارہی ہے۔
تبصرہ