موجودہ انتخابی نظام کے ہوتے درست قیادت اور حقیقی عوامی نمائندوں کا انتخاب نہیں ہو سکتا۔ رحیق احمد عباسی

موجودہ کرپٹ نظام انتخاب میں ووٹ دینا کرپشن، دہشت گردی، ظلم اور بدعنوانی کی مدد کرنا ہے
ظالمانہ نظام انتخاب سے جان نہ چھڑائی گئی تو پھر توانائی بحران کو مزید وسیع کرنے والے آ جائیں گے

11 مئی کو ساری قوم عوام دشمن انتخابی نظام کے تحت ہونے والے الیکشن ڈرامے کو مسترد کر کے پاکستان عوامی تحریک کے پرامن احتجاجی دھرنوں میں شریک ہو کر ملک کو اندھیروں میں دھکیلنے والے زر بابا اور چالیس چوروں سے جان چھڑائے اور ملک میں روشنی اور خوشحالی لانے والوں کا ساتھ دے۔ پانچ سال ایک دوسرے پر الزام تراشیاں کرنے والے نام نہاد سیاستدانوں نے وزیروں، مشیروں ایم این ایز اور ایم پی ایز کی فوج پر اربوں روپے خرچ کیے اگر نہیں کر سکے تو وفاقی اورصوبائی حکمران لوڈ شیڈنگ کے اندھیرے دور نہ کر سکے۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پاکستان عوامی تحریک کی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر خرم نواز گنڈا پور، قاضی فیض الاسلام، انوار اختر ایڈووکیٹ، ساجد بھٹی، سہیل احمد رضا، جواد حامد و دیگر بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ انتخابی نظام کے ہوتے ہوئے درست قیادت اور حقیقی عوامی نمائندوں کا انتخاب نہیں ہو سکتا۔ عوام کو انتخابی اصلاحات کے یک نکاتی ایجنڈے پر متفق ہو کر 11 مئی والے دن اس فرسودہ اور عوام دشمن نظام انتخاب کو دریا برد کر کے حقیقی تبدیلی کی جدوجہد کا آغاز کر کے صحیح معنوں میں نئے اور خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھنا ہو گی۔ عوامی مسائل کا اصل ذمہ دار یہ ظالمانہ نظام انتخاب ہے اگر اس سے جلد جان نہ چھڑائی گئی تو ایک بار پھر بجلی پیدا کرنے کی بجائے توانائی بحران کو مزید وسیع کرنے والے اقتدار میں آ جائیں گے اور عوام کو دھوکہ دینے کیلئے مختلف نئے معاہدوں کے تحت ایک بار پھر ایک دوسرے پر الزام تراشیاں کرتے ہوئے قوم کو بے وقوف بناتے رہیں گے۔

ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ قوم کو اپنی ذمہ داریوں کو پہچاننا ہو گا اور ملک کو مسائل کی گرداب سے نکالنے کیلئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی آواز پر لبیک کہنا ہو گا۔ 11 مئی کو قوم پاکستان عوامی تحریک کے پرامن دھرنوں میں شریک ہو کر پاکستان عوامی تحریک کا ساتھ دے جو ملک میں حقیقی تبدیلی کیلئے سنجیدہ اور موثر جدوجہد کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نظام انتخاب میں ووٹ دینا کرپشن، دہشت گردی، ظلم اور بدعنوانی کی مدد کرنا ہے۔

ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ اتوار کو لاہور اس نظام انتخاب کے خلاف ہونے والی پاکستان عوامی تحریک کی تاریخی ریلی نے ثابت کر دیا ہے کہ ہم عوام کے ایجنڈے اور حقوق کیلئے کام کر رہے ہیں۔ اگر آج قوم نے اس نظام کو مسترد کر دیا تو یہی جدوجہد مستقبل میں حقیقی جمہوریت اور ملک میں خوشحالی کا باعث ہو گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top