انتخابات سے پہلے ہونے والی دہشت گردی کی خاص سیاسی سمت ہے۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی

کرپٹ انتخابی نظام کے ذریعے تبدیلی کی بات کرنے والے خوابوں کی جنت میں رہتے ہیں
فرسودہ نظام انتخاب کو دریا برد کر کے نئے اور خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھنا ہو گی

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ جس معاشرے میں امانت، دیانت، گناہ اور موخذاہ نا ممکن ہو جائے وہاں سول نافرمانی کا دروازہ کھلتاہے۔ موجودہ عوام دشمن نظام انتخاب قوم کو سول نافرمانی کی طرف دھکیل رہا ہے۔ جس کا راستہ بند کرنے کیلئے کرپٹ نظام انتخاب کو مکمل طور پر مسترد کرنا ہو گا۔ عوام کو انتخابی اصلاحات کے یک نکاتی ایجنڈے پر متفق ہو کر 11 مئی والے دن اس فرسودہ اور ظالمانہ نظام انتخاب کو دریا برد کر کے حقیقی تبدیلی کی جدوجہد کا آغازکر کے صحیح معنوں میں نئے اور خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھنا ہو گی۔ عوامی مسائل کا اصل ذمہ داریہ فرسودہ نظام انتخاب ہے جس سے جلد جان نہ چھڑائی گئی تو ایک بار پھر بجلی پیدا کرنے کی بجائے توانائی بحران کو مزید وسیع کرنے والے اقتدار میں آ جائیں گے۔ عوام موجودہ نظام کے تحت ہونے والے الیکشن میں ووٹ ڈال کر کرپشن کا ساتھ دینے کی بجائے شعور و آگہی کی چھتری کے سائے تلے 11 مئی کو پاکستان عوامی تحریک کے پر امن دھرنوں میں شریک ہو کر پوری دنیا کو حقیقی جمہوری شعور کا ثبوت دیں۔ وہ گذشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں پاکستان عوامی تحریک کی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر خرم نواز گنڈا پور، ساجد محمود بھٹی، جواد حامد، فیاض وڑائچ اور بشارت عزیز جسپال بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ آج کرپٹ انتخابی نظام کے ذریعے تبدیلی کی بات کرنے والے خوابوں کی جنت میں رہتے ہیں، انہیں معلوم نہیں کہ حالات اس کے بر عکس بہت تلخ اور خوفناک ہیں۔ کرپٹ الیکشن کے بعد 12 مئی کو امیدوں کے چراغ گل ہو جائیں گے اور ان کو دن میں تارے نظر آ جائیں گے۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ عوام کے پاس نظام انتخاب کو مسترد کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں۔ انتخابات سے پہلے ہونے والی دہشت گردی کی بھی ایک خاص سیاسی سمت ہے۔ دہشت گردی کچھ جماعتوں کو چار دیواری تک محدود اور کچھ کیلئے کامیابی کی راہیں ہموار کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک وطن عزیز کی بقا، ترقی اور خوشحالی کے دشمن نظام کو کلیتاً مسترد کر چکی ہے اور اپنی سیاسی جدوجہد سے کرپٹ نظام انتخاب، غیر آئینی الیکشن اور دھاندلی کو تحفظ دینے والے مکروہ رویوں کو عوام کے سامنے بے نقاب کر چکی ہے جس میں بڑے بڑے ادارے بھی ملوث ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر نے کہا کہ دہشت گردی، مہنگائی اور توانائی کے بد ترین بحرانوں میں گھری قوم کے دکھوں کا مداوا موجودہ انتخابی نظام کے تحت ہونے والے غیر آئینی الیکشن سے نہ ہو سکے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top