اسلام آباد: پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام عوامی ریلی کا انعقاد

مورخہ: 03 مئی 2013ء

مذہبی و سیاسی انتہاپسندی اور تشدد سے ملک کمزور ہو رہا ہے: عمر ریاض عباسی
عوامی خوشحالی کی طرف بڑھنے کا واحد راستہ موجودہ نظام انتخاب کو کلی طور پر مسترد کرنے میں ہے: فاروق بٹ
جب تک عوام ظالمانہ نظام کو نہیں لپیٹیں گے روشنی کی کوئی کرن نہیں دکھائی دے گی: غضنفر کھوکھر
11 مئی الیکشن ڈے والے دن پورے ملک میں عوام پر امن دھرنے دیکر انتخابی ڈرامے کو مسترد کردیں : ابرار رضا ایڈووکیٹ

اسلام آباد: پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام ریلی کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد دھرنے کی تیاریوں کے سلسلے میں عوام کو کرپٹ نظام انتخابات کی خرابیوں سے آگاہ کرنا تھا۔ اس ریلی میں پاکستان عوامی تحریک، تحریک منہاج القرآن مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ، عوامی تحریک یوتھ ونگ کے عہدیداران و کارکنان اور نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عمر ریاض عباسی نے کہا ہے کہ سیاست میں تشدد اور انتہا پسندی خطر ناک ہے مذہبی انتہا پسندی سے ملک بدنام ہو رہا ہے اور سیاستدانوں کی انتہا پسندی اور تشدد سے ملک کمزور ہو رہا ہے۔ عوام لوڈ شیڈنگ، بے روز گاری، بھوک اور بڑھتی ہوئی مہنگائی سے پریشانیوں سے دوچار ہیں ان کے حقوق کی کسی کو فکر نہیں اقتدار کے حصول کے لیے انتخابی رسہ کشی ہورہی ہے۔

ان دگرگوں حالات کا ذمہ دار موجودہ کرپٹ انتخابی نظام اور غیر آئینی الیکشن کمیشن ہے۔ اس غیر آئینی الیکشن کے بعد یہ آگ پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے لے گی اور ملک میں کرپشن اور دہشت گردی کا راج قائم ہو جائے گا۔

عوامی تحریک این اے 48 اسلام آباد کے صدر فاروق بٹ نے کہا کہ عوام کو اندازہ نہیں کہ الیکشن کے نام پر ان کے ساتھ کتنا بڑا دھوکہ ہونے جا رہا ہے۔ موجودہ نظام انتخاب ملک کی آزادی اور خود مختاری کے خلاف گھناؤنی سازش ہے۔ اس لئے ملکی استحکام، ترقی اور عوامی خوشحالی کی طرف بڑھنے کا واحد راستہ موجودہ نظام انتخاب کو کلی طور پر مسترد کرنے میں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام منعقدہ عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

عمر ریاض عباسی نے کہا کہ سیاست عوام کی خدمت کا نام ہے اور عوام کے حقوق اد کرنے کا فریضہ ہے مگر کرپٹ نظام انتخاب کے تحت ہونے والے انتخابی عمل اور سیاسی انتہا پسندی نے عوام کے مسائل پس پشت ڈال دیے ہیں۔ سیاست آپس میں تشدد اور باہمی دشمنیوں کی نذر ہوتی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں سیاسی آداب سے عاری ہیں بس افراد کا ہجوم ہے نظم وضبط کا فقدان ہے۔ سیاسی اختلاف سیاست کا حسن ہوتے ہیں مگر اختلاف کی بناپر مسلح جتھے اور ڈیتھ سیکوارڈ سے ایک دوسرے پر حملہ کرنا، بیرونی طاقتوں کو اپنے معاملات میں مداخلت کرنے کا جواز پیش کرنے کے مترادف ہے۔

جنرل سیکرٹری عوامی تحریک غضنفر کھوکھر نے کہا کہ استحصالی، فرسودہ اور ظالمانہ انتخابی نظام نے پوری قوم کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ جب تک عوام اس ظالمانہ نظام کو نہیں لپیٹیں گے اس وقت تک روشنی کی کوئی کرن نہیں دکھائی دے گی۔ آج ساری قوم کو اجتماعی توبہ کے ساتھ ساتھ ملک پر مسلط چند سیاسی خاندانوں کو ناکام کرنے کیلئے نظام کے خلاف عملی جدوجہد کرنا ہو گی اور 11 مئی کواس فرسودہ، عوام دشمن نظام انتخاب کو دریا برد کر کے ملک میں حقیقی جمہوریت اور خوشحالی کی بنیاد رکھنا ہو گی۔

11 مئی الیکشن ڈے والے دن پورے ملک میں عوام پر امن دھرنے دیکر اس انتخابی ڈرامے کو مسترد کر دیں کیونکہ غیر آئینی اور بے ڈھنگ طریقے قائم ہونیوالی حکومت عوام کو مزید مایوسیوں کے سوا کچھ نہیں دے سکے گی۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top