دہشت گردی کے واقعات کا تسلسل اور صحافیوں پر ہونیوالے حملے انتہائی مذموم عمل ہیں: ڈاکٹر رحیق عباسی

مورخہ: 03 مئی 2013ء

پاکستان کی خوشحالی اور استحکام کیلئے صحافی برادری کی قربانیاں آب زر سے لکھی جانے کے قابل ہیں۔
پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی کا آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر پیغام: ڈاکٹر رحیق عباسی

اسلام آباد: پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی نے آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ صحافی برادری نے انتہا پسندی اور دہشت گردی کے مذموم رویوں کے خلاف ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے۔ صحافی کسی بھی معاشرے کا آئینہ ہوتے ہیں۔ ملک میں دہشت گردی کے واقعات کا تسلسل اور ماضی میں صحافیوں پر ہونیوالے حملے انتہائی مذموم عمل ہیں۔ بد قسمتی سے ایسے واقعات ساری دنیا میں پاکستان کی پہچان بن گئے ہیں۔ حکومتیں اور سیکیورٹی ادارے بھی تمام تر دعوؤں کے باوجود دہشت گردی کے ناسور کا علاج کرنے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔

ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے پر زور مطالبہ کیا کہ صحافی برادری کو فوری تحفظ فراہم کرنے کیلئے وفاقی و صوبائی حکومتیں اور سیکیورٹی ادارے سنجیدہ اور ٹھوس اقدامات کریں اور اس حوالے سے قانون سازی بھی کی جائے۔

پاکستان کی خوشحالی اور استحکام کیلئے صحافی برادری کی قربانیاں آب زر سے لکھی جانے کے قابل ہیں۔ آزادی اظہار اور حرمت قلم کے وارثوں کو مکمل تحفظ فراہم کرنا اولین ترجیح ہونا چاہیے۔ موجودہ عوام دشمن نظام انتخاب کی خرابیوں نے جہاں عوام کو شدید اذیت میں مبتلا کرتے ہوئے ذہنی مریض بنا دیا ہے وہاں صحافی برادری بھی غیر محفوظ اور عدم تحفظ کا شکا رہے۔ حقیقی جمہوریت کی بحالی کیلئے اس موجودہ نظام انتخاب کو دریا برد کرنا ہو گا جس کیلئے صحافی برادری کو اپنا اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top