الیکشن کے نام پر فراڈ ہونے جا رہا ہے، الیکشن کے نتائج جلد ہمارے ویژن کی تصدیق کر دیں گے: عمر ریاض عباسی

مورخہ: 07 مئی 2013ء

کسی ایک فرد کو بھی ووٹ دینے سے جبراً نہیں روکا جائے گا۔
پولنگ ڈے کو ملک کے تمام شہروں میں کرپٹ نظام انتخاب کے خلاف دھرنے دیے جائیں گے۔
غیر آئینی الیکشن کے تحت بننے والی پارلیمنٹ ایک فی صد بھی نظام کو بدل نہیں سکے گی: عمر ریاض عباسی

اسلام آباد: پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عمر ریاض عباسی نے کہا ہے کہ ایسی ستھری سیاست کے قائل ہیں جو ریاست کو بچا کر اسکے استحکام اور عوام کو انکے بنیادی حقوق دینے کی ضمانت فراہم کرے۔ پاکستان کو ٹوٹنے سے بچانا اور اگلی نسلوں کو خوشحال مستقبل دینا پاکستان عوامی تحریک کی منزل ہے۔

روایتی سیاست اور پاکستان عوامی تحریک قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے ویژن میں تصادم ہے۔ اس لئے استحصالی اور کرپٹ سیاسی نظام کے خلاف پر امن جدوجہد جاری رکھیں گے۔ سیاست دان اپنی سیاست جبکہ لیڈر اگلی نسلوں کو بچانے کیلئے پلاننگ کرتا ہے۔ تصادم اور انارکی نہیں چاہتے اس لئے پولنگ ڈے کو پر امن دھرنے دئیے جائیں گے اور کسی ایک فرد کو بھی ووٹ دینے سے جبراًنہیں روکا جائے گا۔

پاکستان عوامی تحریک کے پر امن دھرنے پولنگ سٹیشنوں سے دور دئیے جائیں گے جس سے انتخابی عمل میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ ہو گی۔ احتجاجی دھرنوں کا مقصد صرف موجودہ عوام دشمن نظام انتخاب کے خلاف احتجاج ریکارڈ کروانا ہے۔ قوم یاد رکھے کہ اس الیکشن کے تحت بننے والی پارلیمنٹ ایک فی صد بھی نظام کو بدل نہیں سکے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز عوامی رابطہ مہم کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر عوامی تحریک اسلام آباد کے صدر فاروق بٹ، جنرل سیکرٹری غضنفر کھوکھر اور دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے پوری قوم کو الیکشن سے قبل بتا دیا ہے کہ الیکشن کے نام پر فراڈ ہونے جا رہا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک نے اپنی ذمہ داری کو پورا کر دیا الیکشن کے نتائج جلد ہمارے ویژن کی تصدیق کر دیں گے۔

عمر ریاض عباسی نے کہا کہ تبدیلی کا نعرہ گانے والے موجودہ کرپٹ نظام کا حصہ بننے کی بجائے اگر ہمارا ساتھ دیتے اور ظلم کے نظام کو ختم کرنے میں مدد کرتے تو صحیح معنوں میں حقیقی تبدیلی قوم کا مقدر بنتی۔

انہوں نے کہا کہ ایک بار پھر واضح کرتے ہیں پولنگ ڈے کو ملک کے تمام شہروں میں پولنگ سٹیشنوں سے دور ایک منتخب جگہ پر دھرنے دئیے جائیں گے جو ہمارا آئینی اور جمہوری حق ہے۔ دھرنے پر امن ہونگے اور کسی کو ووٹ ڈالنے سے نہیں روکا جائے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top