اسلام آباد، راولپنڈی کے عوام ووٹ دینے کی بجائے عوامی تحریک کے دھرنے میں شریک ہو کر کرپٹ نظام انتخاب کو مسترد کر دیں گے۔ غضفر کھوکھر

مورخہ: 08 مئی 2013ء

عوامی تحریک پر امن دھرنے دے کر حقیقی تبدیلی کی بنیاد رکھے گی۔
11 مئی کے بعد ملک میں ایک نیا تماشا لگنے والا ہے، ووٹ ڈالنے والوں کے مینڈیٹ کی توہین کی جائے گی :غضنفر کھوکھر

اسلام آباد: پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد کے جنرل سیکرٹری غضنفر کھوکھر نے کہا ہے کہ 11 مئی کو اسلام آباد، راولپنڈی کے عوام دھرنے میں شریک ہو کر کرپٹ نظام کومسترد کر دیں گے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے قوم کو پہلے ہی بتا دیا تھا کہ انتخابات کے دوران پری پول رگنگ ہوگی، انتخابات کے نام پر ملک میں بہت بڑا تماشا لگے گا، تمام نااہل، کرپٹ اور بنک ڈیفالٹرز کو کھلی چھٹی دے دی گئی، امیدوار ہر حلقے میں کروڑوں اربوں روپے کا بے دریغ استعمال کر رہے ہیں، الیکشن کمیشن اندھا بھی ہے، گونگا بھی ہے اور بہرا بھی ہے۔ جو اپنے ہی ضابطہءِ اخلاق کی دھجیاں اڑنے کا تماشا دیکھ رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد کے سیکٹر I/9 میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولنگ ڈے دھرنے انتخابات نہیں نظام انتخابات کے خلاف ووٹ ہیں۔ موجودہ نظام کے تحت ہونے والا الیکشن ایک مرتبہ پھر بدمعاشوں، غنڈوں اور ٹیکس چوروں کو حکمران بنا دے گا جو ملک و قوم کے ساتھ بہت بڑا ظلم ہو گا۔الیکشن کے بعد ملک میں ہارس ٹریڈنگ کا تماشا لگے گا اور ووٹ ڈالنے والے اپنے مینڈیٹ کا حلیہ بگڑتے ہوئے دیکھیں گے۔

پاکستان عوامی تحریک کرپشن کے نظام کو ہرگز سپورٹ نہیں کر یگی۔ عوام ملک و قوم کا مستقبل بچانا چاہتے ہیں تو 11 مئی کے دھرنوں میں ہر جگہ لاکھوں کی تعداد میں شرکت کریں۔

انہوں نے کہا کہ اس ملک دشمن نظام انتخاب کے خلاف پاکستان عوامی تحریک کے پر امن دھرنے عوامی ریفرنڈم ثابت ہوں گے اور 11 مئی کو ظالمانہ نظام اور اس کے محافظ اپنی موت آپ مر جائیں گے۔ 11 مئی کے دھرنے ملک میں تبدیلی نظام کی بنیاد ثابت ہوں گے اور بدی کے نظام کو مسترد کرنے کیلئے دھرنوں میں شرکت کرنا دینی و ملی تقاضا ہے۔ موجودہ انتخابی نظام کے تحت ووٹ دینا کرپشن کے نظام کو سپورٹ کرنا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top