منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام 24 شادیوں کی سالانہ اجتماعی تقریب

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام شادیوں کی 9ویں سالانہ اجتماعی تقریب میں 4 مسیحی اور 20 مسلمان جوڑے شادی کے مقدس رشتہ میں بندھ گئے۔ یہ تقریب 14 اپریل 2013 کو منہاج یونیورسٹی (بغداد ٹاؤن لاہور) کے گراؤنڈ میں منعقد ہوئی۔ منہاج یونیورسٹی کے نیو کیمپس میں ہونے والی پروقار تقریب میں سماجی اور دانشور شخصیات کے علاوہ شوبز کی ممتاز شخصیات نے بھی شرکت کی۔ تقریب کی صدارت صدر سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کی۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے ہر دلہن کو ڈیڑھ لاکھ روپے مالیت کا گھریلو سامان اور جیولری سیٹ تحفے میں دیا گیا۔ 1600 مہمانوں کیلئے کھانے کا انتظام کیا گیا تھا۔

شادیوں کی اجتماعی تقریب میں باراتوں کی آمد کا سلسلہ صبح ساڑھے 10 بجے شروع ہوا جو دوپہر ایک بجے تک جاری رہا۔ اس دوران ہر برات کا ڈھول کی تھاپ اور فوجی بینڈ سے پرتپاک استقبال کیا گیا۔ منہاج ویمن لیگ کی مرکزی قائدین نے دلہن اور خواتین مہمانوں کو خوش آمدید کہا جبکہ منہاج القرآن کے مرکزی قائدین اور استقبالی وفد نے مرد باراتیوں سمیت دولہوں کا خصوصی استقبال کیا۔ اس موقع پر باراتیوں پر پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کی گئیں۔

مہمان خصوصی ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے مذہبی، تعلیمی اور فلاحی کاموں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کام ان تمام اداروں کے لئے مشعل راہ ہے جو انہیں شعبوں میں کام کر رہے ہیں۔ انہوں نےکہا کہ شیخ الاسلام نے اپنے علمی اور تحقیقی کام کے ذریعے دنیا کو اسلام کے حقیقی چہرہ سے روشناس کرایا۔ انہوں نے اپنا تاریخی فتوی دے کر اسلام کے نام پر دہشت گردی اور انتہا پسندی کا داغ ہمیشہ ہمیشہ کے لئے صاف کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری صرف پاکستان کے لوگوں کے لئے باعث فخر نہیں بلکہ دنیا کے تمام مسلمانوں کے لئے باعث فخر ہیں۔

اس موقع پر اجتماعی شادیوں کی انفرادیت کو سراہتے ہوئے ڈاکٹر حسن محی الدیں نے کہا کہ یہ موقع ان 24 جوڑوں کی زندگی میں ایک سنگ میل ثابت ہو گا۔ کیونکہ یہ کوئی عام شادیاں نہیں یہاں 24 مرد اور 24 خواتین اجتماعی تقریب میں 1600 افراد کے سامنے زندگی نبھانے کا عہد کر رہے ہیں۔ یہ تمام جوڑے ہمیشہ اس عہد کو یاد رکھیں گے۔ اگر یہ کسی غیر شائستہ خیال کا شکار ہونے لگیں گے تو انہیں اس اجتماعی تقریب میں کیا گیا اپنا وعدہ یاد آئے گا اور یہ وعدہ انھیں پوری زندگی بہکنے سے روکے رکھے گا۔

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ہالینڈ کے مرکزی رہنماء ڈاکٹر عابد عزیز نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی فکر معاشرے کے غریب طبقے کو دائمی خوشیاں دینے کے لیے مصروف عمل ہیں۔ اسلام نے ہمیشہ محروم طبقہ کو ریلیف فراہم کیا۔ یہ تقریب بھی اس سلسلے کی عملی تصویر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم معاشرے کے محروم اور مستحق لوگوں کی خدمت کا یہ عمل جاری رکھیں گے۔

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے انچارج سید امجد علی شاہ نے اجتماعی شادیوں میں آنے والے جوڑوں کو خوش آمدید کہا اور فلاحی پراجیکٹس کی تفصیلات سے حاضرین کو آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام ہر سال ملک بھر کے مختلف شہروں میں شادیوں کی اجتماعی تقریبات کا انعقاد ہوتا ہے۔ جن میں مستحق اور نادار لوگوں کی منتخب کیا جاتا ہے۔ ان شادیوں کا انتظام منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن مخیر حضرات کے تعاون سے کرتی ہے جس کا مقصد معاشرے سے غربت اور استحصالی نظام کا خاتمہ ہے۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور دیگر رہنماؤں نے نو بیاہتا جوڑوں کے ساتھ گروپ فوٹو بنوائے اور ان میں تحائف تقسیم کئے۔ اس مو قع پر اداکار عثمان پیرزادہ، اداکار حبیب اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ہالینڈ کے صدر ڈاکٹر عابد عزیز، امیر تحریک مسکین فیض الرحمن درانی، جی ایم ملک، رانا فاروق محممود، رانا فیاض احمد، جواد حامد اور تحریک منہاج القرآن کے دیگر قائدین بھی موجود تھے۔ نکاح کا خطبہ مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی اور دعا مرکزی امیر تحریک منہاج القرآن مسکین فیض الرحمن درانی نے کرائی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top