الیکشن جمہوریت اور ووٹ کے نام پر ہونے والا سب سے بڑا فراڈ ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری

مورخہ: 09 مئی 2013ء

کل گھوڑوں کوووٹ ڈالے جائیں گے اور 12 مئی سے بدترین ہارس ٹریڈنگ کا آغاز ہو جائے گا
عوام الناس سے اپیل ہے کہ دھرنوں میں شرکت کر کے کرپٹ نظام انتخاب کو مسترد کر دیں
دھرنے ملک میں حقیقی جمہوریت کی بنیاد ثابت ہوں گے
11مئی کے الیکشن کے بعد ملک میں دہشت گردی اور معاشی بد حالی میں اضافہ ہو گا

پاکستان عوامی تحریک کے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ کل ہونیوالا الیکشن جمہوریت اور ووٹ کے نام پر ہونے والا سب سے بڑا فراڈہے۔ غیر آئینی، غیرقانونی اور غیر اخلاقی الیکشن کمیشن نے جعلی اسمبلی بنانے کے تمام لوازمات مرحلہ وار مکمل کر لئے ہیں۔ کل گھوڑوں کو ووٹ ڈالے جائیں گے اور 12 مئی سے بدترین ہارس ٹریڈنگ کا آغاز ہو جائے گا۔ ایک ایک گھوڑا کروڑوں روپے میں خریدا جائے گا اور سیاسی بکر منڈی کا وہ تماشا لگے گا کہ الامان الحفیظ۔ عوام الناس سے اپیل ہے کہ کرپٹ نظام انتخاب کو مسترد کر دیں اور پاکستان عوامی تحریک کے دھرنوں میں ہر شہر میں لاکھوں کی تعداد میں شرکت کریں۔ دھرنے ملک میں حقیقی جمہوریت کی بنیاد ثابت ہوں گے۔

سیاسی جماعتوں نے اربوں روپے کی میڈیا کمپین کے ذریعے ایک حلقہ میں 10 سے 15 لاکھ روپے کے انتخابی اخراجات کی پابندی کو ہوا میں اڑا دیا ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان قوم کا مجرم ادارہ ہے جس نے کرپٹ انتخابی نظام کو تحفظ دے کر ملک و قوم کے مستقبل کو تباہی کی طرف دھکیل دیا ہے۔ 11مئی کے الیکشن کے بعد ملک میں دہشت گردی اور معاشی بد حالی میں اضافہ ہو گا۔ مہنگائی کا عفریت عوام کو مزید نگلے گا، عوام بنیادی ضروریات کو ترسیں گے، لوڈ شیڈنگ کی اذیت مزید بڑھے گی۔ تبدیلی کا نعرہ لگانے والے قوم کو مایوس کریں گے کرپٹ نظام انتخاب کے ذریعے 100 الیکشن بھی تبدیلی نہ لا سکیں گے۔ وہ گذشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کی سینٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس میں گفتگو کر رہے تھے۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ جمہوریت اور شریعت کے نام پر سیاسی اور مذہبی جماعتیں طویل عرصہ سے مشرق اور مغرب کے ممالک سے فنڈز لے رہی ہیں انہیں آج تک بین کیوں نہیں کیا گیا ؟ایسی پارٹیوں کے لیڈرز کو تو جیل میں ہونا چاہیے۔ بیرون ممالک سے کھربوں روپے کا فنڈ لے کر الیکشن لڑنے والی پارٹیاں ملک و قوم کی وفادار نہیں ہو سکتیں۔

موجودہ انتخابی نظام پاکستان کی خود مختاری کا دشمن ہے، ملک میں ایسی خود مختاری دیکھنا چاہتا ہوں جو بڑی طاقتوں کو NO کہنے کی جرات کر کے صرف اور صرف پاکستان کے مفاد میں فیصلہ کرے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ ہمارا دامن صاف ہے۔ 32 سال سے کسی ملک، ایجنسی یا NGO سے ایک پائی نہیں لی، ثابت ہو جائے تو بڑی سے بڑی سزا کیلئے خود کو پیش کرتا ہوں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top