میرپور : تحریک منہاج القرآن کا مشاورتی تنظیمی اجلاس

مورخہ: 08 مئی 2013ء

تحریک منہاج القرآن میرپور آزاد کشمیر کا مشاورتی تنظیمی اجلاس مرکزی دفتر تحریک منہاج القرآن راولپنڈی میں ہوا۔ اجلاس کی صدارت امیر تحریک آزاد کشمیر سید ابرار سرور شاہ نے کی۔ جب کہ مہمان خصوصی نائب ناظم اعلیٰ تنظیمات منہاج القرآن انٹرنیشنل احمد نواز انجم تھے۔ اجلاس میں ناظم کشمیر حافظ احسان الحق، نائب امیر ظفر اقبال طاہر، تحریک منہاج القرآن میرپور، بھمبر، اسلام گڑھ، منگلا، افضل پور، چکسواری، ڈڈیال کے کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس کے علاوہ یوتھ لیگ میرپور اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ میرپور کے کارکنان نے بھی اجلاس میں بھرپور شرکت کی۔

اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن مجید اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے کیا گیا۔ نائب ناظم اعلیٰ تنظیمات منہاج القرآن انٹرنیشنل احمد نواز انجم نے کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام تنظیمات کے کارکنان 11 مئی کے حوالے سے بھرپور محنت کریں اور جن کشمیری مہاجرین کا ووٹ پاکستان میں درج ہے ان کو دھرنوں میں آنے کے لیے تیار کریں۔ انہوں نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ 11 مئی کو جب لوگ اس گندے اور برائی کے نظام کو مضبوط کرنے کے لیے ووٹ ڈالنے جا رہے ہوں گے وہی پر ہم اس برائی کے راستے کو مسترد کرتے ہوئے پر امن طور پر پولنگ اسٹیشنز سے دور اپنا ووٹ اس برائی کے خلاف دھرنوں کی صورت میں دیں گے۔ لہذا آپ اپنے قائد کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے دن رات ایک کر دیں اور جو آپ کے دوست احباب یا دیگر کشمیری بھائی پاکستان میں بستے ہیں ان کو دھرنوں میں جانے کے لیے تیار کریں اور پوری دنیا کو دکھا دیں کے ہمیں یہ فرسودہ اور گلا سڑا نظام نہیں چاہیے جس میں ملک تباہ و برباد ہو رہا ہے۔

اس موقع پر احمد نواز انجم نے میرپور کے مرکزی دفتر کا وزٹ کرتے ہوئے میرپور کی تنظیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کی تنظیم نے نہایت خوبصورت انداز میں اپنے دفتر کو ایک پورے سیکرٹریٹ کے طور پر تیار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے کام تبھی ممکن ہوتے ہیں جب تمام ساتھی مصطفوی مشن کے لیے اپنی محنتیں صرف کر رہے ہوں۔ اجلاس کے اختتام پر حافظ احسان الحق نے ملک کے استحکام، امن وسلامتی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صحت وتندرستی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

مرتب کنندہ : شاہنواز بابر مغل (ناظم تحریک منہاج القرآن میرپور)

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top