آج ملک میں 300 سے زائد شہروں میں پولنگ سٹیشنوں سے دور پرامن دھرنے دیے جائیں گے۔ رحیق احمد عباسی

مورخہ: 10 مئی 2013ء

عوام آئینی اور جمہوری حق استعمال کرتے ہوئے موجودہ عوام دشمن نظام انتخاب مسترد کر دیں
موجودہ فرسودہ نظام انتخاب غیر حقیقی اور غیر جمہوری ہے۔ رحیق احمد عباسی

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ آج لاہور سمیت ملک کے 300 سے زائد شہروں اور مقامات پر پاکستان عوامی تحریک کے تحت فرسودہ نظام انتخاب کے خلاف پولنگ سٹیشنوں سے دور پرامن احتجاجی دھرنے دیے جائیں گے۔ ان پرامن احتجاجی دھرنوں میں لاکھوں مرد، خواتین، بچے اور بوڑھے اپنا آئینی اور جمہوری حق استعمال کرتے ہوئے موجودہ عوام دشمن نظام انتخاب تک مسترد کریں گے۔ دھرنے پرامن ہونگے اور کسی کو جبراً ووٹ ڈالنے سے نہیں روکا جائے گا۔ پاکستان عوامی تحریک نے الیکشن سے قبل پوری قوم کو بتا دیا ہے کہ الیکشن کے نام پر فراڈ ہونے جا رہا ہے۔ ہم نے اپنی ذمہ داری کو پورا کر دیا۔ 11 مئی کی رات الیکشن کے نتائج پاکستان عوامی تحریک کے ویژن کی تصدیق کر دیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور میں پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاجی دھرنے کیلئے مختص کیے گئے مقام پردھرنے کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔ جبکہ اس موقع پر جواد حامد، ساجد محمود بھٹی، چوہدری افضل گجر اور ارشاد طاہر بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ الیکشن ڈے والے دن اگر فرشتوں نے ووٹ نہ ڈالے تو ووٹ ڈالنے کا تناسب 25 فی صد سے زیادہ نہ ہو گا۔ عوام موجودہ نظام انتخاب سے تنگ آ چکے ہیں۔ موجودہ فرسودہ نظام انتخاب غیر حقیقی اور غیر جمہوری ہے اس نے عوام کو سوائے بھوک افلاس، بے روزگاری، دہشت گردی اور عدم تحفظ کے اور کچھ نہیں دیا۔ اس نظام کے تحت ہونیوالے الیکشنوں سے تبدیلی کبھی نہیں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ 11مئی کو انتخابی نتائج کے بعد تمام چھوٹی بڑی سیاسی جماعتیں دھاندلی کا واویلا کریں گی۔ ہر جماعت کہے گی کہ ہمارے ساتھ دھاندلی ہوئی اور ہمارے ووٹ بنک پر ڈاکہ ڈالا گیا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top