ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کی کامیاب دھرنوں پر کارکنان کو مبارکباد
پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے الیکشن ڈے پر کامیاب اور تاریخی دھرنوں پر پارٹی کارکنان کو مبارکباد پیش کی ہے۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے 14 مئی کو مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پاکستان عوامی تحریک پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخواہ کے کارکنان سے ملاقات کی۔ پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور، مرکزی رہنما بشارت عزیز جسپال، فیاض وڑائچ، جواد حامد اور ساجد بھٹی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ 11 مئی کو عوام دشمن نظام انتخاب کیخلاف پورے ملک میں پاکستان عوامی تحریک کے پرامن دھرنے اہم سنگ میل ثابت ہوئے ہیں۔ ان دھرنوں نے ملکی سیاست پر گہرے اثرات مرتب کئے ہیں۔ موجودہ فرسودہ نظام کے تحت ہونے والے الیکشنوں کے خلاف ملک بھر میں ہونے والے کامیاب اور تاریخی احتجاجی دھرنے پاکستان عوامی تحریک کے موقف کے حق میں عوامی ریفرنڈم کی حیثیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے دھرنوں میں عوام کی کثیر تعداد میں شرکت سے یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ کرپٹ نظام انتخابات اور سیاسی نظام کے تحت بننے والی حکومت کبھی بھی اس ملک کو ترقی کی راہ پراستوار نہیں کر سکتی۔ اس لیے ایک دن آئے گا جب عوام ڈاکٹر طاہر القادری کے انقلابی اور حقیقی تبدیلی کے ایجنڈے پر جمع ہوجائیں گے۔
تبصرہ