11 مئی کے الیکشن نے امانت و دیانت کا جنازہ نکال دیا اور آئین کی دھجیاں ہر سو بکھیر دی ہیں۔ ڈاکٹر رحیق عباسی

مورخہ: 18 مئی 2013ء

کرپٹ نظام اور حقیقی جمہوریت دو متضاد چیزیں ہیں

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا ہے 11مئی کو گلے سڑے نظام کے تحت ہونے والے انتخابات نے امانت ودیانت کا جنازہ نکال دیا اور آئین کی دھجیاں ہر سو بکھیر دی ہیں۔ عوام کو اندازہ ہو چکا ہے کہ الیکشن کے نام پر ان کے ساتھ کتنا بڑا دھوکہ ہوا ہے۔ دنیا کی تاریخ کا انوکھا اور واحد الیکشن ہے جس میں ہارنے اور جیتنے والے دونوں سر پیٹ رہے ہیں اور الیکشن کے خلاف دھرنے دے رہے ہیں۔ 11 مئی کے الیکشن نے امانت، دیانت کا جنازہ نکال دیا ہے اور آئین کی دھجیاں ہر سو بکھری پڑی ہیں۔

ان خیالات کا اظہا انہوں نے گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد کے صدر فاروق بٹ اور تحریک منہاج القرآن اسلام آباد کے ابرار رضا ایڈووکیٹ اور سید بشیر شاہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا کہ اس ملک میں اشرافیہ ہی مافیاہے، پاکستان عوامی تحریک پوری قوت کے ساتھ قوم کی حمایت کے ساتھ اشرافیہ سے حلقوں کے قبضے واگزار کرائے گی۔ ملک میں موجود سیاسی جماعتیں بھی اس کرپٹ سسٹم کی قیدی ہیں۔ اگر اس عوام دشمن نظام سے جان چھڑالی جائے تو جماعتیں اور قوم دونوں ہی اس کرپٹ نظام سے آزاد ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹ سیاسی نظام اور حقیقی جمہوریت دو متضاد چیزیں ہیں۔ عوام اگر حقیقی جمہوری نظام کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنا چاہتے ہیں تواس فرسودہ انتخابی نظام کو مسترد کرنے کے لئے پاکستان عوامی تحریک کا ساتھ دیں۔ عوام کو اس الیکشن ڈرامے کے بعدجان لیناچاہیے کہ جعلی ڈگری ہولڈرز بھی کرپٹ اور انہیں دیانت دار قرار دینے والے بھی کرپٹ ہیں۔ موجودہ نظام انتخاب دھن، دھونس اور دھاندلی ہے اس لئے نیک نیتی سے تبدیلی چاہنے والے بھی موجودہ کرپٹ نظام کے تحت تبدیلی نہیں لاسکتے۔ 50 فیصد عوام نے فرسودہ نظام کو مسترد کر کے اور انتخابات کے ڈرامے میں شامل نہ ہوکر ثابت کردیا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری جو بات کرتے ہیں وہی ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں کرتے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک نوجوانوں کو دعوت دیتی ہے کہ وہ آئیں اور عوامی تحریک کے دست و بازو بن کرحقیقی تبدیلی کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top