پاکستان میں الیکشن کا فلسفہ یہ ہے کہ عوام صرف ووٹ ڈالیں اور حکمران پانچ سال تک کرپشن اور عیاشیاں کریں۔ رحیق احمد عباسی

مورخہ: 20 مئی 2013ء

نظام کو شکست دینے کے لیے ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں آئینی، قانونی اور جمہوری جدو جہد کا آغاز ہو چکا
موجودہ الیکشن میں جیتنے والے وہی پرانے روایتی سیاسی چہرے ہیں۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہ ہے کہ موجودہ الیکشن میں جیتنے والے وہی پرانے سیاسی چہرے ہیں۔ الیکشن کے بعد صرف پارٹی کاچہرہ بدلا ہے پارلیمنٹ میں وہی خاندان پہنچے ہیں۔ تبدیلی غریب عوام کی ضرورت ہے جاگیر داروں اور سرمایہ داروں کی نہیں۔ پاکستان میں الیکشن کا فلسفہ یہ ہے کہ عوام صرف ووٹ ڈالیں اور حکمران پانچ سال تک کرپشن کا بازار گرم کریں۔ اگر آئین کے مطابق الیکشن کرائے جاتے تو 11مئی کے بعد دھرنے نہ ہوتے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز ملک بھر سے آئے ہوئے ورکرز کو خصوصی بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل عوامی تحریک خرم نواز گنڈا پور اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات قاضی فیض الاسلام بھی ان کے ہمراہ تھے۔

انہوں نے ملک بھر کے کارکنان سے کہا کہ ملک میں حقیقی تبدیلی کے لئے دن رات ایک کرنا ہوگا جس کے لئے اپنے اپنے علاقوں میں تنظیمی نیٹ ورک کو مکمل کریں اور تبدیلی کا پیغام ہر گھر تک پہنچائیں۔ ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا کہ ساری پارٹیاں دھرنے دے رہی ہیں اور دھاندلی کے خلاف احتجاج ہو رہے ہیں اور الیکشن کمیشن خود کو شفاف الیکشن شفاف انتخابات کروانے کے اعلانات کر کے اپنی ذمہ داری سے فارغ ہو چکاہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے جس طرح الیکشن کمیشن کے غیر آئینی ہونے کی نشاندہی کردی تھی اسی طرح الیکشن ٹربیونلز کا وجود بھی الیکشن کمیشن کی طرح غیر آئینی اور غیر قانونی ہونے کی نشاندہی کر دی ہے۔ اس لیے یہ انصاف نہ دے پائے گا صرف قوم کو دھوکہ دینے کے لیے چند زخموں پر مرہم رکھ دیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نظام کو شکست دینے کے لیے ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں آئینی، قانونی اور جمہوری جدو جہد شروع کر دی ہے۔ وقت آگیا ہے کہ پوری قوم کرپٹ نظام کے خلاف اٹھ کھڑی ہو۔ اشرافیہ کے مفادات کو تحفظ دینے والے نظام کے تحت 50 الیکشن بھی رائی برابر بھی تبدیلی نہ لا سکیں گے۔ ہم عوام کی طاقت سے استحصالی نظام کے خلاف جنگ لڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک اس کرپٹ نظام کے خلاف جنگ اس وقت تک جاری رکھے گی جب تک ملک کے غریب عوام کی حالت نہیں بدل جاتی۔

انہوں نے پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ اپنے قائد کے حکم پر لبیک کہتے ہوئے سابقہ روایات کی طرح اپنے قائد کی جانب سے دیے گئے ٹارگٹ کو حاصل کرنے کے لئے اپنی جدوجہد کا آغاز کر دیں اور ایک کروڑ کارکنان تک ڈاکٹر طاہرالقادری کاپیغام پہنچاے کے لئے کمربستہ ہوجائیں۔ کامیابی آپ کا مقدر ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top