کرپشن سیاستدانوں کایک نکاتی ایجنڈا ہے،عوامی مسائل کا حل کسی کی آپشن نہیں ہے:ڈاکٹر رحیق عباسی

مورخہ: 20 مئی 2013ء

مخصوص خاندانوں کی سیاسی وراثت اور کرپشن کا نام جمہوریت رکھ دیا گیا ہے۔
نام نہاد جمہوری نظام کو پاکستان میں چلایا تو جا رہا ہے مگر یہ ملک وقوم کو ہمیشہ حقیقی جمہوریت سے دور رکھے گا۔
کرپشن سیاستدانوں کایک نکاتی ایجنڈا ہے،عوامی مسائل کا حل کسی کی آپشن نہیں ہے:ڈاکٹر رحیق عباسی

لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ نام نہاد جمہوری نظام کو پاکستان میں چلایا تو جارہا ہے مگر یہ ملک وقوم کو ہمیشہ حقیقی جمہوریت سے دور رکھے گا کیونکہ جن ملکوں میں یہ نظام کامیابی سے چل رہا ہے وہاں خواندگی اور شعور کا تناسب بہت بلند ہے۔ وہاں الیکشن کمیشن آزاد ہے اور مقتدر بھی قانون سے مبرا نہیں ہیں۔ وہاں الیکشن میں برادری سسٹم، غنڈہ گردی اور پیسے کا عمل دخل نہیں ہے۔ وہاں ہر شخص جانتا ہے کہ فلاں پارٹی اگر اقتدار میں آئی ہے تو اس کی خارجہ پالیسی، معاشی اور داخلہ پالیسی کیا ہوگی۔ بے روزگاری کے خاتمے کے لیے اس کا پروگرام کیا ہوگا اور ملک کے دیگر مسائل کے لیے اس کا منشور کیا ہے۔ پاکستان میں ہونے والے الیکشن کے تناظر میں موجودہ نظام کی مثال اس طرح ہے جیسے ٹانگے میں کار کا انجن لگا دیا ہو۔ تاریخ کے واحد الیکشن ہیں جس میں ہارنے اور جیتنے والے دونوں رورہے ہیں اور دھرنے دیے بیٹھے ہیں۔

وہ گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کی ایگزیکٹو کو نسل کے ساتھ مرکزی سیکرٹر یٹ میں ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر خرم نواز گنڈا پور، ساجد بھٹی، جواد حامد، فیاض وڑائچ اور بشارت عزیز جسپال بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام کے تحت ہونے والے الیکشن ملک و قوم کے ساتھ سازش اور فراڈ ہیں۔ اس نظام کو نظام کہنا جمہوریت کی توہین ہے۔ قوم ظالمانہ، استحصالی اور منافقانہ نظام کے خلاف اٹھ کھڑی ہو۔

آج کرپٹ لوگوں کے سیاسی کردار کو ختم کرنا ہوگا۔11 مئی کے الیکشن کے بعد واضح ہوگیا ہے کہ ملک میں آئیڈیالوجی نام کی کسی چیز کا وجود نہیں۔ مخصوص خاندانوں کی سیاسی وراثت اور کرپشن کا نام جمہوریت رکھ دیا گیا ہے۔

ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ ملک کی خود مختاری بیچ دی گئی ہے، دہشت گرد، قاتل، غنڈے اور ٹیکس چور پورے ملک کو یرغمال بنا چکے ہیں۔ کرپشن سیاستدانوں کا یک نکاتی ایجنڈا ہے، عوامی مسائل کا حل کسی کی آپشن نہیں ہے اس لیے عوام کو نظام کی تبدیلی اور حقیقی جمہوریت کے لیے پاکستان عوامی تحریک کا ساتھ دینا ہوگا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top