کرپشن، لوٹ کھسوٹ اور جانبداری کی سیاست پاکستان کے وجود کو کھوکھلا کر رہی ہے۔ خرم نواز گنڈاپور

مورخہ: 24 مئی 2013ء

نوجوان کرپٹ نظام کے خاتمے کے لئے پاکستان عوامی تحریک کا ساتھ دیں تاکہ اس عوام دشمن نظام کو صفحہ ہستی سے مٹایاجا سکے
47 فیصد عوام نے ووٹ نہ ڈال کر ہمارے موقف کی تائید کردی
تبدیلی کی خواہش لے کر نکلنے والے نوجوانوں کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملا

اسلام آباد میڈیا سیل سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق پاکستان عوامی می تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نوازگنڈاپور نے کہا ہے کہ کرپشن، لوٹ کھسوٹ اور جانبداری کی سیاست پاکستان کے وجود کو کھوکھلا کر رہی ہے اس لئے پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے سیاست نہیں ریاست بچاؤ کی آواز بلند کی تھی اور حقیقی تبدیلی تک یہ جدوجہد جاری رہے گی۔ ملک میں ہونے والے انتخابات سے تبدیلی کی خواہش رکھنے والے نوجوانوں کو مایوسی ملی جس کاسب سے بڑا مجرم الیکشن کمیشن ہے، اسکے چار ممبران سیاسی جماعتوں کے وفادار ہیں۔ غیر آئینی الیکشن کمیشن کے ہوتے ہوئے شفاف انتخابات کاخواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکے گا۔ اگلے انتخابات بھی ان ہی سیاست دانوں کا بنائے ہوئے الیکشن کمیشن کے تحت ہوں گے جو ان کے مفادات کے محافظ ہوں گے اور شفاف اور غیر جانب دارانہ انتخابات کی امید کرنے والے ایک بار پھر مایوس ہوںگے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے شفاف نہ ہونے کی وجہ یہ ہے کہ مذکورہ بالا اداروں کے افسران کی تقرریاں کرپٹ سیاستدان کرتے ہیں۔ انکی ترقیاں، ٹرانسفر اور بحالی بھی یہی سیاستدان کرتے ہیں۔

وہ گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عمر ریاض عباسی، فاروق بٹ، غضنفر کھوکھر، انصار ملک، اشتیاق میر ایڈووکیٹ، راجہ منیر اعجاز سے میڈیا سیل میں ملاقات کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ اداروں کے افسران کو اپنی نوکریاں بچانا ان کی اولین ترجیح رہی ہے۔

خرم نوازگنڈاپور نے کہا کہ موجودہ نظام انتخاب امانت، دیانت، ستھری سیاست، آئین، قانون اور عدل و انصاف کا دشمن ہے۔ قرضے معاف کرانے والوں، ٹیکس چوروں اور یوٹیلٹی بلز معاف کرانے والوں کو ایک بار پھر قوم پر مسلط کر دیا گیا اور تبدیلی کی خواہش لے کر نکلنے والے نوجوانوں کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملا۔ 11مئی کو پاکستان عوامی تحریک کے تاریخ ساز دھرنوں میں ملک بھر میں بڑی تعداد میں لوگ شامل ہوئے اور 47 فیصد عوام نے ووٹ نہ ڈال کر ہمارے موقف کی تائید کردی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ کرپٹ نظام کے خلاف عملی جدوجہد کرنا ہر پاکستانی کا فرض ہے۔ انہوں نے پاکستانی قوم اور خصوصا تبدیلی کی خواہش رکھنے والے نوجوان آئیں اور کرپٹ نظام کے خلاف پاکستان عوامی تحریک کا ساتھ دیں تاکہ اس عوام دشمن نظام کو صفحہ ہستی سے مٹایاجاسکے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top