سیالکوٹ: سوشل میڈیا ٹریننگ کیمپ برائے رضاکاران

مورخہ: 26 مئی 2013ء

موجودہ دور میں سوشل میڈیا کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا، تاہم انٹرنیٹ اور بالخصوص سوشل میڈیا کے منفی اور مثبت اثرات نوجوان نسل کو اپنی لپیٹ میں لئے ہوئے ہیں۔ نئی نسل کو نئے دور کی ایجادات کے منفی اثرات سے محض وعظ و تبلیغ کے ذریعے بچایا نہیں جا سکتا۔ اکیسویں صدی کے اس تیزرو زمانے میں نوجوانوں کی درست سمت میں رہنمائی ضروری ہے تاکہ وہ سوشل میڈیا پر وقت کے ضیاع اور خرافات زمانہ سے بچتے ہوئے اسی سوشل میڈیا کو اپنے ہتھیار کے طور پر استعمال کرتے ہوئے تعلیم و تدریس، تبلیغ و اقامت دین اور اپنے معاشرتی حقوق و فرائض سے آگہی کی صورت میں امت مسلمہ کی نشاۃ ثانیہ میں اہم کردار ادا کر سکیں۔

انہی مقاصد کو مدنظر رکھتے ہوئے ’یوتھ انٹرنیٹ بیورو‘ سیالکوٹ کے زیراہتمام ’یارک شائر ہوٹل‘ میں مؤرخہ 26 مئی 2013ء بروز اتوار کو نوجوان رضاکاران کے لئے سوشل میڈیا ٹریننگ کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں مرکزی سیکرٹریٹ تحریک منہاج القرآن سے منہاج انٹرنیٹ بیورو سے چار رکنی ٹیم نے خصوصی شرکت کی۔

پروگرام کا آغاز تلاوت و نعت سے ہوا، جس کے بعد حافظ بابر جاوید نے ’یوتھ انٹرنیٹ بیورو‘ کی نمائندگی کرتے ہوئے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا اور کیمپ کے انعقاد کے اغراض و مقاصد کو مختصراً بیان کیا۔

ٹریننگ کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا تھا:

  • سوشل میڈیا کا عمومی تعارف

  • ٹوٹر (Twitter) کا تفصیلی تعارف

  • سوشل میڈیا کا عملی استعمال

پہلے حصے میں مرکزی آئی ٹی مینجر محمد ثناء اللہ نے سوشل میڈیا کے حوالے سے تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی۔ اس دوران انہوں نے سوشل میڈیا کے مختلف استعمالات کے ساتھ ساتھ روایتی میڈیا سے سوشل میڈیا کا موازنہ بھی پیش کیا۔ عرب سپرنگ کے دوران سوشل میڈیا کے کردار پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے دور حاضر میں اس کی قومی اور بین الاقوامی سطح پر اہمیت کو اجاگر کیا۔

دوسرے حصے میں مرکزی سوشل میڈیا کوآرڈینیٹر راشد شہزاد نے Twitter کے تعارف پر مبنی جامع پریزنٹیشن پیش کی۔ اس دوران انہوں نے ٹوٹر کے عملی استعمال کا طریق کار بھی تفصیل سے بیان کیا۔ انہوں نے دیگر سوشل میڈیا ٹولز کے ساتھ ٹوٹر کا موازنہ پیش کرتے ہوئے اسے تیزترین میڈیم قرار دیا۔ علاوہ ازیں انہوں نے رضاکاران کو معیاری ٹویٹس بنانے سے متعلق تفصیلی رہنمائی بھی فراہم کی۔

تیسرے اور آخری حصے میں ڈائریکٹر منہاج انٹرنیٹ بیورو عبدالستار منہاجین نے فیس بک اور ٹوٹر سمیت سوشل میڈیا کے تمام ذرائع کے بہتر استعمال کے حوالے سے پریزنٹیشن پیش کی۔ انہوں سے سوشل میڈیا پر پھیلائے جانے والے پروپیگنڈا اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی طرف منسوب کردہ بے سروپا الزامات کے حوالے سے رضاکاران کو بریفنگ دی اور کسی بھی خبر کی سوشل میڈیا پر تشہیر سے قبل براہ راست ذرائع (ویب سائٹ، آفیشل فیس بک، آفیشل ٹوٹر وغیرہ) سے اس کی تصدیق کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے ٹوٹر کے عملی استعمال سے متعلق لٹریچر فراہم کرتے ہوئے تھرڈ پارٹی سافٹ ویئر کے استعمال کا طریقہ بھی بتایا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ہمیں سوشل میڈیا پر کن معاملات میں انتہائی احتیاط کی ضرورت ہے۔ علاوہ ازیں انہوں نے پاکستان میں حقیقی جمہوریت کے حصول کے لئے تحریک منہاج القرآن کے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔

تحریک منہاج القرآن اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری سے متعلق سوشل میڈیا پر جاری پروپیگنڈا کو ختم کرنے کے لئے درج ذیل ویب لنکس خاصے مددگار ہو سکتے ہیں:

www.minhaj.com.pk
www.facebook.com/groups/Truth.about.Dr.Qadri

اختتام پر عبدالستار منہاجین نے ’یوتھ انٹرنیٹ بیورو‘ سیالکوٹ کی ٹیم اور کیمپ میں شریک تمام رضا کاران کو پاکستان بھر میں اپنی نوعیت کا پہلا کیمپ منعقد کرنے پر خصوصی مبارکباد دی۔

کیمپ میں پاکستان عوامی تحریک ضلع سیالکوٹ کے صدر چودھری سرفراز احمد، تحریک منہاج القرآن تحصیل سیالکوٹ کے صدر راشد محمود باجوہ، پاکستان عوامی تحریک تحصیل سیالکوٹ کے جنرل سیکرٹری ملک امجد چاند (نمائندہ صدر) اور منہاج القرآن یوتھ لیگ تحصیل سیالکوٹ کے صدر محمد عثمان بٹ نے ’یوتھ انٹرنیٹ بیورو‘ کی خصوصی دعوت پر کیمپ میں بطور مہمان شرکت کی۔

اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے چودھری سرفراز احمد اور راشد محمود باجوہ نے یوتھ انٹرنیٹ بیورو کی اس کاوش کو سراہا اور اپنی نوعیت کے منفرد کیمپ کے کامیاب انعقاد پر پوری ٹیم کو بھرپور مبارکباد پیش کی۔ علاوہ ازیں انہوں نے اس خواہش کا بھی اظہار کیا کہ یوتھ انٹرنیٹ بیورو کی قائم کردہ مثال کی پیروی کرتے ہوئے دوسرے شہروں کی تنظیمات بھی منہاج انٹرنیٹ بیورو کے تعاون اور خدمات سے استفادہ کرتے ہوئے اپنے شہروں میں رضاکاران کی تربیت کے لئے سوشل میڈیا کیمپس کا انعقاد کریں گے۔

آخر میں حافظ بابر جاوید نے حاضرین کے سامنے یوتھ انٹرنیٹ بیورو کی پانچ سالہ کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ ’یوتھ انٹرنیٹ بیورو‘ نے تحریکی مہمات کے دوران ایس ایم ایس، فیس بک، ٹوٹر، یوٹیوب اور ای میل مارکیٹنگ کا وسیع استعمال کیا اور میموری کارڈ لوڈ کرنے کے لئے کیمپس کا انعقاد اور بوقت ضرورت سی ڈی کاپی کرنے جیسی خدمات بھی سرانجام دیں۔ پوری ٹیم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی یوتھ انٹرنیٹ بیورو کے پلیٹ فارم سے تحریک منہاج القرآن کے دعوتی و تحریکی مقاصد کے لئے خدمات جاری و ساری رکھی جائیں گی۔

دعا اور پرتکلف ظہرانے کے ساتھ کیمپ اختتام پذیر ہوا۔

رپورٹ:حافظ بابر جاوید

اس سے متعلقہ فوٹو البم ملاحظہ کرنے کے لئے کلک کریں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top