کراچی میں نہ رکنے والی ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی قومی یکجہتی اور معیشت کیلئے خطرناک ہے۔ خرم نواز گنڈا پور

مورخہ: 10 جون 2013ء

لسانیت، صوبائیت اور مذہبی و سیکولر انتہا پسندی نے ہمارے ملک کے امن کو گہنا دیا
اہل قیادت کا فقدان ہے جس وجہ سے گھمبیر مسائل جنم لے رہے ہیں
پاکستان عوامی تحریک کے سنٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس میں گفتگو

پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نوا ز گنڈا پور نے کہا ہے کہ قرض پر پلنے والی قومیں ترقی نہیں تنزلی کی طرف بڑھتی ہیں۔ آزاد ملک ہونے کے باوجود ہمارے فیصلے پارلیمنٹ کی بجائے کسی اور جگہ ہوتے ہیں۔ ملک میں اہل قیادت کا فقدان ہے جس وجہ سے گھمبیر مسائل جنم لے رہے ہیں۔ عوام سندھ اور وفاقی حکومت سے سوال کرتے ہیں کہ وہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ اور تشدد کے واقعات کی روک تھام میں ناکامی کا شکار کیوں ہیں۔ عدم تحفظ کے شدید ترین احساس نے زندگی کے حسن کو چاٹ لیا ہے۔ عوام کے معمولات زندگی مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں۔ لسانیت، صوبائیت اور مذہبی و سیکولر انتہا پسندی نے ہمارے ملک کے امن کو گہنا دیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک کے سنٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ موجودہ نازک حالات میں نوجوانوں اور عوام پاکستان کو ملک کیلئے اسی کردار کو نبھانا ہے جو تحریک پاکستان کے وقت تھا۔ انہوں نے کراچی میں نہ رکنے والی ٹارگٹ کلنگ، دہشت گردی اور امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے قومی یکجہتی اور معیشت کیلئے خطرناک قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال پہلے ہی خراب تھی اب ملک کا اہم ترین شہر بھی مسلسل ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کی زد میں آگیا ہے۔ انہوں نے سندھ اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ کراچی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث افراد اور گروہوں کو مصلحتوں سے بالاتر ہو کر کڑی سزا دی جائے تا کہ ملک امن سے کھیلنے کا گھنائونا کھیل ختم ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ کارکنان کرپٹ نظام انتخاب کے خلاف بیداری شعور مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تا کہ ملک و قوم کے حالات سنور سکیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top