موجودہ نام نہاد جمہوری نظام انتخاب معاشرے کو خون میں نہلانے کا ذمہ دار ہے۔ رحیق احمد عباسی
دہشت گردی کے فتنے کو کچلنے کیلئے نہ ہی ریاستی عزم دکھائی دیتا
ہے اور نہ پلاننگ
دہشت گردی کے واقعات وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہیں
کوئٹہ ویمن یونیورسٹی بس اور بولان میڈیکل کمپلیکس میں ہونے والے بم دھماکوں اور فائرنگ
کے واقعات کی مذمت
پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کوئٹہ ویمن یونیورسٹی بس اور بولان میڈیکل کمپلیکس میں ہونے والے بم دھماکوں اور فائرنگ کے واقعات کی شدید ترین مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانی جانوں کا ضیاع اب بھی ہمارے معاشرے کا سب سے بڑا المیہ ہے۔ مگر افسوس دہشت گردی کے فتنے کو کچلنے کیلئے نہ ہی ریاستی عزم دکھائی دیتا ہے اور نہ پلاننگ۔ بدقسمتی سے ہمارا معاشرہ انتہا پسندی کی آگ میں جل رہا ہے اور اسکے خاتمے کیلئے کوئی منصوبہ بندی نہیں ہے۔ اسلام میں انتہا پسندی اور دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں۔ ایسے عناصر انسانیت کے قاتل ہیں۔ نام نہاد جمہوری نظام انتخاب معاشرے کو خون میں نہلانے کا ذمہ دار ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ٹھوس قانون سازی پارلیمنٹ کی ذمہ داری تھی مگر کرپٹ نظام کے تحت تشکیل پانیوالی سابق پارلیمنٹ 5 سال میں دہشت گردی کے خلاف ایک بھی قانون منظور نہیں کر سکی۔ وقت آ گیا ہے کہ عوام موجودہ نظام انتخاب کو مکمل مسترد کر کے حقیقی جمہوریت قائم کریں۔ دہشت گردی کے ناسور سے نجات پانے کا بس یہی راستہ ہے۔ دہشت گرد انسانیت کے بدترین دشمن ہیں اور ان کا کوئی مذہب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی روایت کا معاشرے سے اٹھنا ایک المیہ سے کم نہیں، ملکی سلامتی کا تقاضا ہے کہ قتل و غارت گری میں ملوث عناصر کا کھوج لگایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بم دھماکے اور دہشت گردی کے واقعات وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ ساتھ قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ انہوں نے شہید ہونیوالی طالبات، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاران اور پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید ہونیوالی نرسوں کیلئے دعائے مغفرت کی اور زخمی ہونے والوں کی صحتیابی کیلئے خصوصی دعا کی۔
تبصرہ