فیصل آباد: مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیر اہتمام پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ
فیصل آباد: مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیر اہتمام پریس کلب کے سامنے کوئٹہ زیارت میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ تعالی علیہ کی رہائش گاہ پر ہونیوالی دہشت گردی، کوئٹہ ویمن یونیورسٹی بس اور بولان میڈیکل کمپلیکس میں ہونے والے بم دھماکوں اور فائرنگ کے واقعات کے خلاف پر امن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
احتجاجی مظاہرہ میں سینکڑوں طلبہ شریک تھے۔ مظاہرے کی قیادت مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے ضلعی صدر رانا تجمل حسین نے کی۔ جبکہ جنرل سیکرٹری محمد شہزادمصطفوی، محمدعتیق، محمد ثاقب، محمد آصف عزیز، محمد احسن، محمد یاسر، محمد قاسم، زوہیب بشیر، ضلعی سیکرٹری اطلاعات غلام محمد قادری نے بھی شرکت کی۔ مظاہرے میں شریک طلبہ نے کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر قائد اعظم رحمۃ اللہ تعالی علیہ کی رہائش گاہ پر ہونیوالے حملے اور کوئٹہ میں ہونے والی دہشت گردی کے خلاف نعرے درج تھے۔
احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے ضلعی صدر رانا تجمل حسین نے کہا کہ پاکستان کے تاریخی ورثے قائد اعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ تعالی علیہ کی رہائش گاہ پر حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ یہ ملکی تاریخ کے بدترین واقعات میں سے ایک ہے۔ یہ واقعہ صوبائی اور وفاقی حکومت کیلئے اہم سوالات چھوڑ گیا ہے۔
قائد اعظم کی تاریخی ریذیڈنسی پر ہونے والے حملے، ویمن یونیورسٹی اور بولان میڈیکل کمپلیکس کوئٹہ میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کی قلعی کھول دی ہے۔ ایسے واقعات سے ملک کے داخلی معاملات کا کھوکھلا پن پوری دنیا پر عیاں ہو جاتا ہے۔ ریاست کے اندر ریاست بنانے والے انتہا پسندوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنا ہو گا۔ مہنگائی، لوڈ شیڈنگ، ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کا عفریت عوام کی خوشحالی کو نگل رہا ہے اور 2 فی صد مراعات یافتہ طبقہ عیاشیاں کر رہا ہے۔ ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کے واقعات کا تسلسل ملک و قوم کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ ہے اس کے خلاف پوری قوم کو متحد ہو کر کام کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ قومی یادگار پر حملہ کر کے اسے نقصان پہنچانے والوں کو عبرت کا نشان بنا دیا جائے تا کہ آئیندہ کوئی ایسی مذموم جسارت کرنے کی جرات نہ کرے۔مظاہرین نے کوئٹہ سانحہ میں شہید ہونیوالوں کیلئے دعائے مغفرت اور لواحقین سے اظہار یکجہتی بھی کیا۔ مظاہرین نے بانی پاکستان کی رہائش گاہ کی فوری تعمیر نو اور بحالی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ملک میں موجود ایسے اہم تاریخی اثاثہ جات کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔
تبصرہ