جاپان: منہاج القرآن انٹرنیشنل ٹوکیو کے زیر اہتمام شب برات انتہائی عقیدت واحترام سے منائی گئی

مورخہ: 25 جون 2013ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل ٹوکیو(جاپان ) کے زیر اہتمام مورخہ 25 جون 2013 کو بعد نماز عشاء شب برات کا بہت بڑا اجتماع باندوشی ایبارکی کین میں منعقد ہوا جس میں عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاکستان سے ہوا جس کی سعادت حافظ محمد یعقوب نے حاصل کی، بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں بنگلہ دیش کے محمد افضل اور محمد عثمان قادری نے گلہائے عقیدت پیش کئے۔ صالح محمد افغانی کے کمسن بچوں نے قصیدہ بردہ شریف پیش کر کے محفل کے شرکاء پر رقت طاری کر دی۔محفل شب برات کی نقابت کے فرائض محمد انعام الحق نے سرانجام دیئے۔

شب برات کے عظیم الشان پروگرام میں شیخ الاسلام ڈاکٹرمحمد طاہر القادری کے شاگرد علامہ محمد شکیل ثانی ( ڈائریکٹر اسلامک سنٹر اباراکی کین) نے خصوصی خطاب کیا جس میں انہوں نے شب برات کی فضیلت پر روشنی ڈالتے ہوئے اللہ رب العزت کے حضور اپنے گناہوں کی معافی مانگنے کی ترغیب دی اور انبیاء کرام کی سیرت مبارکہ، آقاء دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عمل مبارک،صحابہ کرام کے معمولات بیان کئے۔ ان کے خطاب سے محفل پر ایسا سحر طاری ہوا کہ ہر آنکھ اشکبار تھی اور اللہ رب العزت کے حضور گڑگڑا کر دعا کر رہے تھے۔

علامہ محمدشکیل ثانی کے خطاب کے بعد باجماعت صلوۃ التسبیح پڑھی گئی۔ اس کے بعد محفل نعت، محفل ذکر اور نوافل تہجد اداکئے گئے۔ بعد ازاں انتہائی رقت آمیز دعا ہوئی جس میں گلگت، سانحہ کوئٹہ، سانحہ پشاور اورملک بھر میں جاری دہشت گردی میں جام شہادت نوش کرنے والوں کے ایصال ثواب،عالم اسلام کے اتحاد، پاکستان کی سلامتی وخوشحالی، ترقی، امن، استحکام اور دہشت گردی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔دعا میں شیخ الاسلام ڈاکٹرمحمد طاہرا لقادری کی صحت وتندرستی اور حفاظت کی دعا بھی کی گئی۔ دعا کے بعد جملہ شرکاء کی سحری کے لئے وسیع انتظام کیا گیاتھا۔ جملہ شرکاء نے منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے صدر محمد انعام الحق کو کامیاب محفل کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔

رپورٹ: محمد انعام الحق

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top