موبائل فون کے استعمال پر ٹیکس بڑھا کر ’’عوامی حکومت‘‘ نے مظلوم عوام پر ظلم کی حد کر دی۔ رحیق احمد عباسی

مورخہ: 30 جون 2013ء

حکومت اپنے اضافی اخراجات کم کرنے کی بجائے عوام کش پالیسیاں اپنا رہی ہے
سوشل میڈیا پر موبائل فون کے استعمال پر لگنے والے ٹیکس کے خلاف چلائی جانیوالی احتجاجی تحریک کی مکمل حمایت کا اعلان

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ موبائل فون کے استعمال پر ٹیکس بڑھا کر ’’عوامی حکومت ‘‘ نے مظلوم عوام پر ظلم کی حد کر دی ہے۔ ایسے فیصلے پاکستانی عوام کو زندہ درگور کرنے کے مترادف ہیں جو غیور عوام کسی صورت قبول نہیں کرینگے۔ موبائل فون کے استعمال پر 35فی صد ٹیکس لگا کر حکمران عوام کا خون نچوڑ رہے ہیں۔ سول سوسائٹی اورسوشل میڈیا کی جانب سے موبائل فون کے استعمال پر لگنے والے ٹیکس کے خلاف چلائی جانیوالی احتجاجی تحریک کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں پاکستان عوامی تحریک کے سینٹرل ورکنگ کونسل کے ہنگامی اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور، بشارت عزیز جسپال، ساجد بھٹی، عاقل ملک اور چوہدری افضل گجر بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ اس ظالمانہ ٹیکس کے خلاف آواز بلند کرنا ہر پاکستانی کا قومی فرض ہے۔ انہوں نے پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے کارکنان کے ساتھ ساتھ پوری قوم سے اپیل کی کہ وہ صبح 9:00 بجے سے لے کر رات 9:00 بجے تک موبائل فون آف کر کے موثر احتجاج ریکارڈ کرائیں تا کہ غریب عوام جو پہلے ہی مہنگائی، لوڈ شیڈنگ اور غربت کی چکی میں پس رہی ہے اس ظالمانہ ٹیکس سے نجات حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹ نظام انتخابات کے ذریعے تشکیل پانے والی حکومت سے ایسے اقدامات کی ہی توقع تھی۔ حکومت کی طرف سے غربت کے خاتمہ کے لئے کوئی ٹھوس منصوبہ بندی سامنے نہیں آئی بلکہ حکومت اپنے اضافی اخراجات کم کرنے کی بجائے عوام کش پالیسیاں اپنا رہی ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top