راولپنڈی: تحریک منہاج القرآن آزاد کشمیر کی ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس

تحریک منہاج القرآن آزاد کشمیر کی ایگزیکٹو کونسل کا ماہانہ اجلاس تحریک منہاج القرآن امیر تحریک کشمیر سید ابرار سرور شاہ کی صدارت میں راولپنڈی میں منعقد ہوا۔ جبکہ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے نائب ناظم اعلیٰ تنظیمات احمد نواز انجم مہمان خصوصی تھے۔ اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے سردار ریاض عباسی نے کیا، جبکہ محمد لطیف غوث نے بارگاہ رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں نعت پاک پیش کی۔

ناظم کشمیر حافظ احسان الحق نے اجلاس میں ایجنڈے پر روشنی ڈالتے ہوئے اجلاس کی کارروائی کو آگے بڑھایا۔ اجلاس میں آزاد کشمیر کے ضلعی کوآرڈینٹرز نے ماہ جون 2013 کی کارکردگی رپورٹس پیش کیں۔ ماہانہ کارکردگی کی بنیاد پر ضلع مظفر آباد کے کوآرڈینٹر کی کارکردگی سب سے اچھی رہی، جس پر احمد نواز انجم اور دیگر شرکائے اجلاس نے ضلع مظفر آباد کے صدر عبدالرزاق قادری کو مبارکباد دی۔ اجلاس میں آئندہ کے اہداف، اعتکاف مہم اور زکوۃ مہم پہ خصوصی مشاورت کی گئی۔ ناظم ویلفئیر کشمیر محمد لطیف غوث نے و یلفیئرز کے اہداف اور جاری پروگراموں پہ خصوصی بریفینگ دی۔

نائب ناظم اعلیٰ تنظیمات احمد نواز انجم نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن ملک میں مصطفوی انقلاب کی داعی ہے۔ ڈاکٹر محمد طاہر القادری علم اور ادراک ر کھنے والے سیاستدان اور اسکالر ہیں۔ آج پارلیمنٹ اور پارلیمنٹ سے باہر تمام سیاسی جماعتیں ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے موقف کی تائید کرتی دکھائی دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں حقیقی تبدیلی تب تک ناممکن ہے جب تک اس فرسودہ اور کرپٹ نظام انتخاب کو سمندر برد نہ کر دیا جائے۔ تبدیلی کے لیے موجودہ نظام انتخاب سے بغاوت کرنا ہوگی۔

امیر تحریک آزاد کشمیر سید ابرار سرور شاہ نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ کارکنان ایک کروڑ جانثار کارکنوں کے ہدف کو حاصل کرنے کے لئے بیداری شعور مہم کو تیز کریں۔ قائد تحریک ڈاکٹرمحمد طاہر القادری کے پیغام کو ہر گھر اور ہر فرد تک پہنچائیں۔

آزاد کشمیر کے اضلاع کے کوآرڈینٹرز ظفر اقبال طاہر، سردار اعجاز احمد سدوزئی، عرفان محمود قادری، عبد الرزاق قادری، سردار ریاض عباسی، محمد خاقان ایاز نے اپنی اپنی تحصیلات کی ماہانہ کارکردگی پیش کرتے ہوئے بھی اظہار خیال کیا۔

رپورٹ: عرفان محمود قادری ناظم نشر و اشاعت آزاد کشمیر

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top