وزیر پانی و بجلی کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان عوام پر خودکش حملے کے مترادف ہے۔ اشتیاق میر ایڈووکیٹ
بڑے بڑے کرپشن سکینڈل میں ملوث افراد سے دولت نکلوانے کی بجائے
سارا بوجھ عوام پر ڈالنا ناانصافی ہے
رمضان شریف میں بھی عوام کے لئے کوئی ریلیف نہیں دیا جا رہا
پاکستان عوامی تحریک این اے 49 کے صدر اشتیاق میر ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ حالیہ بجٹ میں جی ایس ٹی میں اضافے سے غریب عوام پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دب چکے ہیں۔ ایسے میں وزیر پانی و بجلی کی جانب سے بجلی کی قیمت میں مزید اضافے کا اعلان غریب عوام پر خودکش حملے کے مترادف ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز عوامی تحریک میڈیا سیل میں کارکنان کے ایک ہنگامی اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک غریب عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور عوام کے خلاف ہونے والے حکومتی اقدامات کے خلاف خاموش نہیں بیٹھے گی۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے باعث گھریلو روز مرہ استعمال کی اشیاء دالیں، آٹا، چاول، گھی، چینی سبزیوں تک عوام کی رسائی مشکل ہوگئی ہے۔ ملک کی اکثریت غریب عوام کی ہے۔ مہنگائی کے باعث دو وقت کی روٹی کاحصول بھی مشکل ہوگیا ہے۔ حکمرانوں کے پاس مہنگائی کے خاتمے، دہشت گردی کی روک تھام اور قیام امن کے لئے نہ کوئی پلاننگ ہے نہ ہی کوئی دلچسپی ہے۔
اشتیاق میر نے کہا کہ اگر حکمرانوں نے عوام کو ریلیف نہ دیا حالات یوں ہی رہے توحکمران بہت جلد اپنے منطقی انجام کو پہنچ جائیں گے، انتخابات میں عوام سے دلفریب وعدے کرنے والے شہنشاہ نواز شریف کرسی اقتدار پر بیٹھتے ہی اپنے کئے گئے وعدوں کو بھول کر اقتدار کے نشے میں بدمست ہو کر فیملی ٹوورز میں مگن ہوگئے ہیں۔ انہوں نے حکمرانوں کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکمران اپنا قبلہ درست کر لیں ورنہ عوام کا سیلاب ان کوہمیشہ ہمیشہ کے لئے اقتدار کے ایوانوں سے باہر نکال دے گا۔ بڑے بڑے کرپشن سکینڈل میں ملوث افراد سے دولت نکلوانے کی بجائے سارا بوجھ عوام پر ڈالنا ناانصافی ہے جس پر عوامی تحریک کبھی خاموش نہیں بیٹھے گی۔ انہوں نے نچلی سطح تک عوامی تحریک کی تنظیم سازی کوجلد از جلد مکمل کرنے کی سختی سے ہدایات دیں۔
تبصرہ