شکرگڑھ: 5 روزہ دروس عرفان القرآن - دوسرا روز

تحریک منہاج القرآن تحصیل شکرگڑھ کے زیراہتمام پانچ روزہ دروس عرفان القرآن کا دوسرا پروگرام 12 جولائی 2013ء بروز سوموار بعد از نماز فجر منعقد ہوا۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔ پروگرام میں ہر مکتب فکر سے تعلق رکھنے والی مؤثر شخصیات نے شرکت کی۔ سٹی کے علاوہ دور دراز یونین کونسلز سے ہزاروں کی تعداد میں مردوں اور عورتوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر علامہ فیاض بشیر قادری نے بعثت انبیاء کے مقصد کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انسانیت کو توحید اور بندگی کا پیغام دینے کے لیے انبیاء کرام کو بھیجا۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں خدا کی بندگی میں اس وقت تک کمال پیدا نہیں کیا جا سکتا جب تک ظلم و ناانصافی اور وڈیرہ شاہی کا خاتمہ نہ کر دیا جائے۔ اس لئے رب ذوالجلال نے اولوالعزم انبیاء کو یہ مقصد دے کر بھیجا۔ حضرت ابراہیم علیہ سلام، حضرت سیدنا یوسف علیہ سلام، سیدنا موسیٰ علیہ سلام، سیدنا داؤد علیہ السلام، حضرت سلیمان علیہ سلام اور حضور تاجدارِ کائنات حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو بطورخاص ظالم و جابر طبقہ کو للکارنے کا حکم دیا گیا تاکہ معاشرے میں ایسا ماحول میسر آسکے کہ انسانیت بارگاہ خداوندی میں سجدہ ریزیوں کی لذت سے حقیقی طور پر آشنا ہو سکے۔

علامہ فیاض بشیر قادری نے مزید کہا کہ اقتدار کی ہوس میں دھت طبقہ خدا کو تو مانتا ہے مگر خدا کی نہیں مانتا۔ آمریت و بربریت کے نمائندے چاہتے ہیں کہ آج صرف مذہب، عبادات، مساجد، پیر خانے اگرچہ قائم رہیں، لوگ عبادت کرتے رہیں لیکن معاشرے سےغربت کے خاتمے اور مفلوک الحال طبقہ کی بحالی پر دھیان نہ دیا جائے۔ ظالم اور ان کی ناانصافیوں کے خلاف کوئی آواز نہ اٹھائے۔ ایسی عبادات اور توحید سے چونکہ انہیں کوئے مسئلہ نہیں لہذا وہ ایسے امور کی مخالفت بھی نہیں کرتے بلکہ اس کو وہ ایک چھتری کے طور پر خود بھی استعمال کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاست مقصد بعثت انبیاء کہ روشنی میں معاشرتی نظام کو حکومتی سطح پر چلانے، حقوق العباد پورے کرنے کا نام ہے۔ اولو العزم رسل علیہم السلام اللہ کی طرف سے دیے گئے نظام کو نافذ کرنے آئے تھے۔ سب سے آخرپہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو یہ مقصد کامل ترین صورت میں دے کرمبعوث کیا تاکہ فتنہ و فساد ختم ہو جائے اور دین غالب آجائے۔ آج شعور کو بیدار کرنے کی اشد ضرورت ہے یہی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا پیغام ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top