جہانیاں: درس عرفان القرآن کا تیسرا پروگرام
تحریک منہاج القران جہانیاں کے زیراہتمام 18 جولائی2013ء کو پریس کلب جہانیاں میں چھٹے درس عرفان القران کی تیسری نشست کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت حافظ احمد دین قادری نے کی۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، بعد ازاں محمد شہباز فریدی نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خدمت میں عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔ اس موقع پر علماء کرام، سیاسی و سماجی شخصیات، اساتذہ کرام اور تاجروں کے علاوہ ہزاروں مرد و خواتین پروگرام میں شریک تھے۔ تحریک منہاج القرآن جہانیاں کے قائدین میں سرپرست حافظ احمد دین، صدر عبدالرحمن شان، نائب صدر مرزا عبدالکریم، ناظم ویلفئیر ڈاکٹر ایوب، ناظم محمد شہباز فریدی، ناظم ممبر شپ نجف فریدی، خالد ندیم، ناظم میڈیا نصر اللہ سیالوی، ناظم حلقہ درود محمد عظیم، ناظم دعوت محمد الطاف، ناظم امور سوشل میڈیا محمد سلیم و دیگر پروگرام بھی موجود تھے۔
درس عرفان القرآن سے علامہ محمد رضا قادری نے "تزکیہ نفس اور معمولات رمضان" کے موضوع پرخطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک ہمیں اپنے نفس کا تزکیہ کرنے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔ ماہ رمضان کے بابرکت مہینہ میں شیطان کو باندھ دیا جاتا ہے۔ ایسے میں صرف ہمارا نفس ہی ہوتا ہے جو ہمیں اللہ اور اس کے محبوب کے احکامات پر عمل کرنے سے روکتا ہے۔ اگر انسان اپنے نفس پر قابو پالے اور اس کا تزکیہ کرنے میں کامیاب ہو جائے تو وہ خدا کے قریب ہونے کی منازل تیزی سے طے کرتا ہے۔ اس پر کشف کے دروازے کھول دئیے جاتے ہیں اور اس کو کھلی آنکھوں سے اپنے محبوب نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زیارت نصیب ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر انسان کو آخرت کی کھیتی میں زیادہ فصل حاصل کرنی ہے تو اس کو اپنے نفس کی جڑی بوٹیوں کو تلف کرنا ہو گا۔ اس موقع پر انہوں نے درس عرفان القران کے انعقاد کے لئے پریس کلب جہانیاں کی بلڈنگ مہیا کرنے پر انجمن صحافیان و جہانیاں پریس کلب جہانیاں کے تمام عہدیداران و ممبران کا شکریہ ادا کیا۔
پروگرام کا اختتام دعائے خیر سے ہوا۔
تبصرہ