صحابہ کرام رضی اللہ عنہ اور اہل بیت اطہار رضی اللہ عنہم کے مزارات پر حملے کھلی دہشت گردی ہے۔ علامہ شمریز ہاشمی

شام میں حضرت سیدہ بی بی زینب رضی اللہ عنہا اور حضرت خالد بن ولید رضی اللہ عنہ کے مزارات پر حملوں کے خلاف تحریک منہاج القرآن ایبٹ آباد کے زیراہتمام احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں تحریک منہاج القرآن کے تمام فورمز اور پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان نے بھر پور شرکت کی۔ احتجاجی ریلی کا آغاز منہاج القرآن اسلامک سنٹر سپلائی ایبٹ آباد سے ہوا۔ ریلی کی قیادت حاجی محمد ارشد ناظم تحریک منہاج القرآن ہزارہ ڈویژن و حاجی غلام سرور صدر پاکستان عوامی تحریک تحصیل ایبٹ آباد اور ہارون خان صدر تحریک منہاج القرآن تحصیل ایبٹ آباد نے کی۔ ریلی ایبٹ آباد مین بازار سے ہوتی ہوئی MCB چوک میں پہنچی تو وہاں پہ تحصیلی قائدین نے خطاب کرتے ہوئے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اور اہل بیت اطہار رضی اللہ عنہم کے مزارات پر حملوں کی پر زور مذمت کی۔ اس احتجاجی ریلی کا اختتام پریس کلب ایبٹ آباد پر ہوا۔

اس موقع پر نوجوان مذہبی اسکالر علامہ شمریز ہاشمی (شاگرد رشید شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری) نے اختتامی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم OIC اور عرب ممالک سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس دہشت گردی کا جلد از جلد نوٹس لیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہ اور اہل بیت اطہار رضی اللہ عنہم کے مزارات پر حملے کھلی دہشت گردی ہے اور جس سے پوری امت مسلمہ کے جذبات کو مجروح کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے ایبٹ آباد میں ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہ کی شان میں گستاخانہ جملے کہنے والے ملعون کی بھی بھر پور مذمت کی۔

آخر میں ناظم تحریک ملک طاہر محمود نے تمام فورمز کے کارکنان کا شکریہ ادا کیا۔ اختتامی دعا علامہ عبدالبصیر رازی نے کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top