پھالیہ: 5 روزہ دروس عرفان القرآن کی اختتامی نشست

تحریکِ منہاج القرآن پھالیہ کے زیراہتمام ہونے والے دروسِ عرفان القرآن کی اختتامی نشست کمیٹی پارک پھالیہ میں 25 جولائی بروز جمعرات بعد از نماز ِ فجر منعقد ہوئی، جس میں مرد و خواتین کے ساتھ مقامی علماء میں قاری سکندر جلالی، علامہ ابو العرفات مخدوم، علامہ عبدالرزاق، مفتی اکرام اللہ زاہد، قاری غلام نبی مجاہد القادری، علامہ ابوذر غفاری، علامہ عبدالحمید قمر سیالوی، علامہ ایم اے رضا سیالوی، پیر سید قیصر شاہ، پیر طارق محمود کدھر، پیر صاحبزادہ احمد ہاشمی، پیر سید منیر شاہ بھکی شریف، تحریک ِ منہاج القرآن کے نائب امیرِ پنجاب چوہدری وسیم ھمایوں گجر اور تمام ضلعی و تحصیلی عہدیداران نے خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پرمحمد رضا قادری نے تزکیہ نفس اور رمضان کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسان کے نفوس کے مختلف ادوار ہیں جن میں نفس امارہ انسان کو برائی پر راغب کرتا ہے، قرآن و سنت میں اس کے خلاف جدوجہد کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ انہوں نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی فکر، مشن اور محنت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ساری عمر دین محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور امت محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے لیے گزار دی۔ مصطفوی مشن کا پیغام دینے کے لیے مینار پاکستان پر عظیم الشان جلسہ کیا اور بعدازاں لانگ مارچ کے ذریعے پاکستانی قوم کا شعور بیدار کرنے میں ایک عظیم تاریخ رقم کر دی۔

نشست سے ہمایوں گجر نے تحریک کے پیغام کو لوگوں تک پہنچایا اور یتیم بچوں کے تعلیم و فلاحی پراجیکٹ آغوش کے متعلق معلومات فراہم کیں۔

پروگرام میں بذریعہ قرعہ اندازی شرکاء میں عرفان القرآن، المنہاج السوی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے خطابات کی سی ڈیز تقسیم کی گئیں۔

 آخر میں علامہ محمد رضا قادری نے اللہ کے حضور ملک و قوم کی سلامتی و عافیت کے لیے دعا پیش کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top