معاشر ے کے نادار لوگوں کی کفالت اور مستحقین کی داد رسی اسلامی ریاست کا فرض ہے۔ جی ایم ملک

صدقہ اور خیرات کرنے والے افراد کا وجود معاشرے کیلئے باعث خیر بھی ہوتا ہے اور باعث تقلید بھی
روٹری کلب کے ممبران نے آغوش کے بچوں میں عید گفٹ تقسیم کئے

صدقہ اور خیرات کرنے والے افراد کا وجود معاشرے کیلئے باعث خیر بھی ہوتا ہے اور باعث تقلید بھی۔ اسلامی معاشر ے میں نادار لوگوں کی کفالت اور مستحقین کی داد رسی اسلامی ریاست کا فرض ہے تاہم افراد امت کا بھی فریضہ ہے کہ وہ اپنے ارد گرد نظر دوڑائیں اور اپنے پڑوس کے معاشی حالات سے باخبر رہیں۔ اسلام کے ان شفاف تصورات اور احکامات کی بدولت تاریخ اسلام میں بارہا ایسا وقت بھی گذرا کہ معاشرے میں ہر فردمالی طور پر خود کفیل ہوا اور زکوۃ و خیرات لینے والا کوئی نہ تھا۔ ان خیالات کا اظہار تحریک منہاج القرآن کے ناطم امور خارجہ جی ایم ملک نے منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کے تحت قائم یتیم اور بے سہارا بچوں کی کفالت کے ادارے "آغوش" میں روٹری کلب لاہور کریسنٹ کی جانب سے دئیے گئے افطار ڈنر پر آئے روٹری کلب لاہور کریسنٹ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ روٹری کلب کے وفد کی قیادت صدر روٹری کلب سیف اللہ اعجاز کر رہے تھے۔ دیگر افراد میں مسز شاہین احمد، فائزہ علوی، طارق حمید، زبیر رامے، فریحہ فراز شامل تھے۔ جبکہ اس موقع پر قاضی فیض الاسلام، امجد شاہ، ساجد محمود بھٹی، صفدر عباس اور آغوش سکول کے پرنسپل ملک اویس بھی موجود تھے۔ جی ایم ملک نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منہاج ویلفیئر فائونڈیشن ایک ایسا منظم فلاحی ادارہ ہے جس کی سرپرستی عالم اسلام کے عظیم رہنماء شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کر رہے ہیں۔

منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کے تحت دنیا بھر میں جدید و قدیم علوم سے آراستہ تعلیمی ادارے شب و روز معاشرے کی بہتری میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ کروڑوں روپے کی لاگت سے یتیم و بے سہارا بچوں کی کفالت کے ادارہ’’ آغوش‘‘ کی باوقار عمارت میںمنعقدہ تقریب میں آج آپ موجود ہیں۔ جبکہ 400 بے سہارا بچیوں کی کفالت کیلئے ادارہ بیت الزہراہ کی تعمیر بھی آخری مراحل میں ہے۔ روٹری کلب کی آرگنائزر مسز شاہین احمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کے اس عظیم فلاحی منصوبے ’’آغوش‘‘ میں آ کر اور یہاں موجود بچوں سے مل کر دلی تسکین ہوئی ہے۔

منہاج ویلفیئر فاونڈیشن مبارک باد کی مستحق ہے کہ اس نے معاشرے کے ایسے محروم محتاج بے کس وبے بس یتیموں کو سہارا دینے اوران کی مکمل کفالت کا اہتمام کیا ہے یہی دین کی اصل روح ہے۔ معاشرے کا وہ طبقہ جنہیں اللہ رب العزت نے وسائل دے رکھے ہیں ان کے وسائل میں ایسے یتیموں، بے سہارا محتاجوں کا بھی حق ہے۔ تحریک منہاج القرآن کے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے عظیم اسلامی تصور کے تحت معاشرے کے غریب، یتیم، ناداراور بے سہارا بچوں کے لیے منہاج ویلفیئر فاونڈیشن کے تحت "آغوش" کا ادارہ قائم کیا ہے۔ روٹری کلب کی آرگنائزر مسز شاہین احمد نے اس موقع پر اعلان کیا کہ آغوش میں مقیم جو بھی بچہ کسی بھی کلاس میں بورڈ میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن لے گااسے روٹری کلب کی طرف سے بالترتیب ایک لاکھ، 75ہزار اور پچاس ہزار کا انعام دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ روٹری کلب کے تحت آغوش کے بچوں کو مہینے میں ایک بار تفریحی ٹوور بھی کرایا جائے گا۔ بعد ازاں جی ایم ملک، ساجد بھٹی، قاضی فیض الاسلام اور روٹری کلب کے ممبران نے آغوش کے بچوں میںعید گفٹ تقسیم کئے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top