سیلاب، قدرتی آفات، مہنگائی، دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کے جہنم میں عوام جل رہے ہیں، صاحبزادہ فیض الرحمان درانی

مورخہ: 16 اگست 2013ء

اللہ کی رضا اور خوشنودی کیلئے امت مسلمہ کو اجتماعی توبہ کرنا ہو گی
امت مسلمہ اپنے زوال کو عروج میں بدلنا چاہتی ہے تو رو کر اللہ کو منانا ہو گا
صاحبزادہ فیض الرحمان درانی کاجامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں نماز جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب

تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے کہا ہے کہ کروڑوں کی آبادی کے ملک میں کتنے ہیں جو اللہ کی رحمت کے طلبگار ہیں۔ ہمارے دل پتھروں سے سخت ہو گئے ہیں اور آنکھوں نے اللہ کی یاد میں رونا ترک کر دیا ہے۔ ملک میں حالیہ بارشوں سیلاب، قدرتی آفات، مہنگائی، دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کے جہنم میں عوام جل رہے ہیں۔ بے گناہوں کا قتل عام ہو رہا ہے۔ دولت کی غیر منصفانہ تقسیم نے معاشرے کے اعتدال کو دیمک کی طرح چاٹ لیا ہے۔ نا اہل اور بے کردار لوگ عوام کے مقدر سے کھیل رہے ہیں اور عوام اپنی بے بسی کا تماشا دیکھ رہے ہیں۔ نام نہاد مفکرین اور دانشور مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ آج قومی سطح پر انفرادی اور اجتماعی توبہ کی ضرورت ہے۔ وہ جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں نماز جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے کہا کہ حالیہ مشکلات اللہ تعالیٰ کی ناراضگی کے سبب ہیں۔ اللہ کی رضا اور خوشنودی کیلئے امت مسلمہ کو اجتماعی توبہ کرنا ہو گی۔ آج امت خدا اور مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے کامل تعلق استوار کر لے تو ہر قسم کے عذاب سے چھٹکارا مل سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو بندہ اللہ کی یاد سے محروم رہتا وہ اللہ کو نہیں بھلاتا حقیقت میں اللہ اس کو بھول جاتا ہے۔ اللہ کے خوف میں رونے سے بہتر کوئی عمل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی آنکھ اس وقت تک نہیں روتی جب تک اللہ کا فضل اسے نصیب نہ ہو۔ آج امت مسلمہ اپنے زوال کو عروج میں بدلنا چاہتی ہے تو رو کر اللہ کو منانا ہو گا۔ اپنے اعمال کا محاسبہ اور درستگی کرنا ہو گی۔ امت کے پاس اللہ کو منانے کا کوئی اور راستہ نہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top