پاکستان میں تمام غیر مسلم اپنی مذہبی رسومات اور تہوار منانے میں مکمل آزاد ہیں۔ سہیل احمد رضا

مورخہ: 31 اگست 2013ء

ملکی دفاع و استحکام اور وقار کیلئے تمام مذاہب ایک قوم کے طور پر متحد ہیں
تحریک منہاج القرآن بین المذاہب رواداری، محبت اور سلامتی کے رویوں کو عام کررہی ہے

تحریک منہاج القرآن کے ڈائریکٹر انٹر فیتھ ریلشنز سہیل احمد رضا نے کہا ہے کہ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے اور تمام غیر مسلم اپنی مذہبی رسومات اور تہوار منانے میں مکمل آزاد ہیں۔ تقریب میں موجود مختلف مذاہب کے نمائیندے ملک دشمن عناصر کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ملکی دفاع و استحکام اور وقار کیلئے تمام مذاہب پاکستانی قوم کے طور پر متحد ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز بالمیک مندر نیلا گنبد میں ہندو برادری کے مذہبی پیشوا شری کرشنا مہاراج کے جنم دن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ہندو برادری کے علاوہ مسلم، سکھ، پارسی اور مسیحی برادری کے اہم رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر پاسٹر ڈینیل، روئیل بھٹی، سردار رنجیت سنگھ اور پنڈت بھگت لال کے علاوہ کثیر تعداد میں لوگوں نے تقریب میں شرکت کی۔

انہوں نے تقریب سے خطاب میں زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب اقلیتوں کے مخصوص فنڈز کو فوری طور پربلا تفریق تمام غیر مسلموں کی مذہبی عبادت گاہوں کی حفاظت اور تعمیر و ترقی پر خرچ کرے۔ ان عبادت گاہوں کو مکمل تحفظ فراہم کرنا حکومت کی اہم آئینی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن پوری دنیا میں بین المذاہب رواداری، محبت، امن اور سلامتی کے رویوں کو عام کرنے میں مصروف عمل ہے۔ آج کی تقریب اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری نے بین المذاہب رواداری کی جو مہم شروع کی تھی وہ اب تنا ور درخت بنتی جا رہی ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top