6 ستمبر والے جذبے سے کراچی میں امن کا قیام ممکن ہے، شیخ زاہد فیاض
آج 6ستمبر کے شہداء کی روحیں پوری قوم سے سراپا قربانی بننے کا تقاضہ کررہی ہیں
سیاسی جماعتوں کے قائدین پاکستان کی کشتی میں سوراخ نہ کریں ورنہ سب ڈوب جائیں گے
سیاسی قیادت ہوش کے ناخن لے اور گھر کے معاملات مل بیٹھ کر حل کرے
یوم دفاع کے حوالے سے منعقدہ’’ تحفظ پاکستان ‘‘سیمینار سے خطاب
کراچی پاکستان کی اقتصادی شہ رگ ہے وہاں امن کے قیام کے لیے ہر پاکستانی کو کردا ر ادا کرنا ہے۔ تحفظ کراچی تحفظ پاکستان ہے۔ 6ستمبر والے جذبے سے کراچی میں امن کا قیام ممکن ہے۔ کراچی کے مسئلے کے حل کے لیے حکومت ایسا ٹھوس فیصلہ دے جو اس قضیے کی ہمیشہ کے لیے جڑ کاٹ دے۔ قوم کی نظریں محب وطن قوتوں پر لگی ہیں۔ سیاسی جماعتوں کو امن کے قیام میں اہم کردار ادا کرنا ہے کیونکہ آج استحکام کی بجائے تحفظ پاکستان کا مسئلہ درپیش ہے جو 6ستمبر کے جذبہ سے ہی ممکن ہے۔ آج اندرونی اور بیرونی طور پر پاکستان سازشوں میں گھرا ہوا ہے ان حالات میں قوم میں ملک کے مفادات کو بچانے کا جذبہ بیدار کرنا سیاسی قیادت کی ذمہ داری ہے۔ آج 6ستمبر کے شہداء کی روحیں پوری قوم سے سراپا قربانی بننے کا تقاضہ کررہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہارپاکستان عوامی تحریک کے صدر شیخ زاہد فیاض نے6ستمبر یوم دفاع کے حوالے سے منعقدہ’’ تحفظ پاکستان ‘‘سیمینار میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر خرم نواز گنڈا پور، بشار ت عزیز جسپال، عاقل ملک، ساجد بھٹی اور چودھری افضل گجر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ داخلی طور پر کمزور پاکستان خطے میں باوقار مقام حاصل نہیں کرسکتا اس لیے سیاسی قیادت ہوش کے ناخن لے اور گھر کے معاملات مل بیٹھ کر حل کرے کیونکہ بیرونی طاقتوں کی دخل اندازی ملکی مفادات کو ناقابل تلافی نقصان پہنچائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی سے سب کی خیر ہے اس لیے سیاسی جماعتوں کے قائدین پاکستان کی کشتی میں سوراخ نہ کریں ورنہ سب ڈوب جائیں گے۔ 6ستمبر قوم کے جذبہ حریت کو مہمیز لگاتا ہے پوری قوم اختلافات بھلا کر سیسہ پلائی دیوار بن جائے اور نظریہ پاکستان کو عملی کردار کے طور پر اپنا لے۔ آج بقائے پاکستان کی جنگ کرنے کے لیے 6ستمبر کے شہداء اور غازیوں کا جذبہ ہر پاکستانی کو زندہ کرنا ہوگا۔
تبصرہ