اولیاء اللہ مردہ دلوں کو زندہ کر کے اللہ کی یاد کی طرف راغب کرتے ہیں۔ فیض الرحمان درانی
مادیت کے موجودہ ماحول میں صوفیاء کی صحبت اختیار کرنا ناگزیر ہے
تحریک منہاج القرآن کے امیر صاحبزادہ فیض الرحمان درانی نے کہا کہ اللہ کے ولی ساری زندگی اللہ کے ذکر اور لاکھوں دلوں کو زندہ کرنے کیلئے وقف رکھتے ہیں۔ اولیاء مردہ دلوں کو زندہ کر کے اللہ کی یاد کی طرف راغب کرتے ہیں۔ اللہ بھی ان نیک بندوں کا ذکر قیامت تک جاری رکھتا ہے اور لوگوں کے دلوں میں اولیاء کرام کی محبت ڈال دیتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ عظمت اولیاء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سید فرحت حسین شاہ، علامہ میر آصف اکبر، علامہ عثمان سیالوی اور علامہ محمد حسین آزاد بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ اولیاء کرام کی صحبت سے فیض پانے والے معاشرے میں امن سلامتی اور محبت کے سفیر بن کر زندگی کے مختلف شعبوں میں پائے جانے والے بگاڑ کو درست کرتے ہیں۔ اس طرح روحانی اور اخلاقی اقدار کو فروغ ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مادیت کے موجودہ ماحول میں صوفیاء کی صحبت اختیار کرنا ناگزیر ہے۔ اللہ والوں کی صحبت میں بیٹھنے سے باطنی ترقی ہوتی ہے اور انسان نفسانی خواہشات کے چنگل سے آزادی حاصل کرنے کا سفر شروع کر دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیک صحبت کا مل جانا بہت بڑی نعمت ہے مگر ضروری ہے کہ اس صحبت میں تسلسل رہے۔
تبصرہ