شورکوٹ (جھنگ): تحریک منہاج القرآن کا ورکرز کنونشن

تحریک منہاج القرآن تحصیل شورکوٹ کے زیراہتمام ورکرز کنونشن منعقد ہوا جس میں خصوصی خطاب مرکزی نائب ناظم اعلیٰ دعوت و تربیت رانا محمد ادریس قادری نے کیا۔ تحریک منہاج القرآن، پاکستان عوامی تحریک اور دیگر فورمز کے عہدیداران کے علاوہ تحصیل بھر سے کارکنان نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

کنونشن کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام ِمجید اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔

رانا محمد ادریس قادری نے کنونشن کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں 18 کروڑ غریب عوام کے لیے نہ معیشت ہے، نہ مال کا تحفظ۔ نہ حقوق ہیں اور نہ جینے کا حق ہے اور نہ ہی کسی کی آبرو کا تحفظ ہے۔ صرف چند لوگوں کے لیے بنیادی حقوق رہ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں جمہوریت نہیں مجبوریت ہے، جہاں عوام کو بنیادی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہو وہاں کونسی جمہوریت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے پاکستان بھر میں بیداری شعور تحریک چلا کر عوام کو آئین و قانون کی تعلیم دی ہے۔ ملک میں ہر بچے بچے کو پتہ ہے کہ آرٹیکل 62، 63 کیا ہے جسے الیکشن میں سبوتاژ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے پہلے 40 آرٹیکل عوام کے حقوق پر ہیں جنہیں یہ نام نہاد پارلیمینٹرین غصب کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا بنیادی ضروریات زندگی کی قیمتوں میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے، عوام کا جینا دو بھر ہو گیا ہے، نام نہاد حکمران عیاشیاں کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام اپنے حقوق واپس لینے کے لیے ڈاکٹر طاہرالقادری کا دست و بازو بن کر پاکستان میں خوشحالی لے آئیں۔

کنونشن کے آخر پر کارکنان میں خصوصی اسناد اور شیلڈز تقسیم کی گئیں۔ تقریب کا اختتام دعائے خیر سے ہوا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top