انسان کے روپ میں بھیڑیوں سے معصوم بچیاں بھی محفوظ نہیں۔ نصرت امین

پارلیمنٹ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے سخت ترین قانون سازی کرے

پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ اسلام آباد کی رہنما نصرت امین نے کہا ہے کہ ہم اس دین کے پیروکار ہونے کے دعویدار ہیں جس نے آج سے 15 صدیاں قبل عورت کو عزت و وقار عطا کیا تھا مگر افسوس آج ہمارا عمل درندگی کی بدترین تصویر پیش کر رہا ہے۔ انہوں نے درندگی کے واقعات کی شدید ترین مذمت کرتے ہوئے اسے معاشرے کے ماتھے کا بدنما داغ قرار دیا۔ معصوم بچیوں کے ساتھ درندگی کے واقعات ہمارے معاشرے میں اخلاقی اور انسانی اقدار کی بدترین تصویر پیش کر رہے ہیں۔ انسان کے روپ میں بھیڑیوں سے معصوم بچیاں بھی محفوظ نہیں۔ حکومت عوام کی عزت اور جان و مال کی حفاظت میں ناکام ہو چکی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز منہاج مدینہ ہال کراچی کمپنی میں منعقدہ مذمتی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جمیلہ بٹ، نائیلہ جعفر، سعدیہ ظفر نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئے روز ایسے واقعات کا رونما ہونا انسانی قدروں کے انحطاط اور معاشرتی رویوں میں انتہائی گراوٹ کو عیاں کر رہا ہے۔ جس کی ذمہ دار وفاقی و صوبائی حکومتیں ہیں۔ مستقبل کی امید نوجوان نسل کے ایمان کو بچانے کیلئے ضروری ہے کہ حکومت اس حوالے سے اپنی ذمہ داریاں ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے سخت ترین قانون سازی کرے تا کہ ایسے واقعات ملک و قوم کی بدنامی کا باعث نہ بنیں۔

اجلاس میں نے مطالبہ کیا کہ سفاک اور گھناؤنے واقعات کے ذمہ داران کو فی الفور گرفتار کر کے قانونی تقاضوں کو پورا کیا جائے اور ایسے سفاک درندوں کو عبرت کا نشان بنایا جائے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top