انسانیت کی فلاح اور ظلم سے نجات دلانے کی تمام تر کوشش بے لوث ہونی چاہیے۔ فیض الرحمان درانی
پاکستان کا استحکام اور عوام کی خوشحالی نظام کے خلاف عملی جدوجہد سے مشروط ہے
تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر صاحبزادہ فیض الرحمان درانی نے کہا کہ اللہ کی رضا کیلئے ظاہری اور باطنی نظام بدلنے کی جدوجہد میں خالصیت رہے تو اللہ ضرور کامیابی دیتا ہے۔ انسانیت کی فلاح اور ظلم سے نجات دلانے کی تمام تر کوشش بے لوث ہونی چاہیے۔ انسان کا فرض حق کو سر بلند کرنے کیلئے کوشش کرتے رہنا ہے۔ اللہ تعالی کامیابی کب اور کیسے دیتا ہے یہ اسکا کام ہے۔ پاکستان کا استحکام اور عوام کی خوشحالی نظام کے خلاف عملی جدوجہد سے مشروط ہے۔ ہر پاکستانی کو کرپٹ نظام کے خاتمے کی جہد مسلسل کا حصہ بننے کیلئے ایک کروڑ نمازیوں کی صف میں شامل ہونے کا عہد کرنا ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں سرگودھا سے آئے علماء کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ فیض الرحمان درانی نے کہا کہ نیت کی درستگی اور قلبی لگاؤ عبادت کی قبولیت کی علامات ہیں۔ یکسوئی کے بغیر عبادت کا نور نصیب نہیں ہو تا۔ اللہ والے شیطان کے فریب، دنیا کی چمک، نفس کی تباہ کاریوں سے بچ کر اپنی پاکیزہ زندگیوں کی حفاظت کرتے ہیں اور اللہ تعالی کی رضا کے لیے زندگی گزارتے ہیں یہی سب سے بڑا انعام ہے۔
انہوں نے کہا کہ بندہ جب ہر چیز کو بھول کر اللہ تعالی کے تصور میں گم ہو جاتا ہے تو اسے نور باطن نصیب ہوتا ہے۔ عبادت کا نور انسان کو اللہ کا صحیح بندہ بنا دیتاہے تب وہ مخلوق کے لیے نفع بخش بن جاتا ہے۔ انسانیت کی فلاح و بہبود عبادت کا جوہر ہے۔
تبصرہ