سیاسی بدانتظامی اور عوام دشمن نظام نہ ہو تو ترقی کے روشن امکانات موجود ہیں۔ خرم نواز گنڈا پور
عوام گرانی کے ہاتھوں اس قدر مجبور ہیں کہ زندگی سے بیزار ہو چکے
ہیں
پاکستان واحد ایٹمی ملک ہے جو کرپشن میں ہر سال ترقی کی منزلیں طے کرتا ہے
پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم ہر روز کسی نئے چیلنج اور انوکھی مشکل سے دوچار تو ہوتی ہے مگر حالیہ ایام میں اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے اور جان لیوا مہنگائی نے تو اسے نڈھال کر دیا ہے۔ سیاسی بدانتظامی کی وجہ سے معاشی بد حالی تو تھی ہی مگر اب اس بدحالی کے ساتھ بدامنی، بے روز گاری، بے راہ روی اور کرپشن میں بھی اضافہ ہو چکا ہے۔ پاکستان میں اگر سیاسی بدانتظامی اور عوام دشمن نظام نہ ہو تو اس مملکت خداداد میں ترقی کی منزلیں طے کرنے کے روشن امکانات موجود ہیں۔ عوام اس وقت گرانی کے ہاتھوں اس قدر مجبور ہیں کہ وہ زندگی سے بیزار ہو چکے ہیں۔ آئے روز خود کشیوں اور ڈاکے کی وارداتوں میں اضافے کی بڑی وجہ بھی یہ ہے۔
وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جبکہ اس موقع پر جواد حامد، عاقل ملک، بشارت عزیز جسپال، فیاض وڑائچ، ساجد بھٹی، مشتاق نوناری ایڈووکیٹ اور چودھری افضل گجر بھی موجود تھے۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ پاکستان زرعی ملک ہے اور اس میں فصلیں بھی معمول کے مطابق اگ رہی ہیں لیکن موجودہ حکومت کے چار ماہ میں آٹے جیسی بنیادی ضرورت کی شے میں جس طرح اضافہ ہوا ہے لگتا ہے کہ اچانک ملک میں آٹا خوروں کے نئے قافلے داخل ہو گئے ہیں۔ ذخیرہ اندوزی کا کھیل حکومتی کارندوں کا ہوتا ہے اسی طرح پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں، بجلی اور گیس کے نرخوں میں ان چار ماہ میں ہونے والے اضافے نے عوام کو ذہنی مریض بنا دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت وقت جس طرح یہ عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام ہوئی ہے ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ اس جان کنی کے عالم میں بھی حکومتی اقدامات درست نہیں بلکہ ہر روز ایک نئی کرپشن کی کہانی سامنے آ تی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوشحالی اور ترقی میں آگے بڑھتی ہوئی عالمی برادری کی قطار میں پاکستان وہ واحد ایٹمی اسلامی ملک ہے جو کرپشن کے عالمی مقابلے میں ہر سال ترقی کی منزلیں طے کرتا ہے۔ حکومتی ٹولے کی ہٹ دھرمی اور بے حسی ملک کو استحکام پاکستان سے دفاع پاکستان کی طرف لے آتی ہے۔
تبصرہ