مصلحت کی زنجیروں سے آزاد ہو کر آہنی ہاتھوں سے دہشت گردی کے فتنے کا سرکچلنے کی ضرورت ہے، سید ہدایت رسول قادری

فیصل آباد ( ) پاکستان عوامی تحریک و تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام پریس کلب کے باہر پشاور چرچ میں خود کش حملوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں کثیر تعداد نے شرکت کی۔ جس میں انسانیت سوز واقعہ کے خلاف کتبے اُٹھا رکھے تھے جن پر حکومت سے دہشت گردوں کے خلاف سخت ترین کاروائی کے مطالبات درج تھے۔ مظاہرین نے پشاور چرچ میں خود کش حملوں کی شدید ترین مذمت کی اور لواحقین سے اظہار ہمدردی کی۔

مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر چوہدری بشارت عزیز جسپال، ضلعی امیر سید ہدایت رسول قادری، رانا طاہر سلیم، میاں عبدالقادر، نمائندہ بشپ فادر آفتاب، کمال چغتائی نے خطاب کرتے ہوئے کہا  کہ حکمران بزدل ہیں اور انہوں نے دہشت گردو ں کے سامنے گھٹنے ٹیک دئیے ہیں۔ دہشت گردوں کے حوالہ سے حکمرانوں کا موقف دہشت گردوں کے حوصلے مزید بلند کرتا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت افواج پاکستان کے ذریعے دہشت گردوں کا مردانہ وار مقابلہ کرے نہ مذاکرات کی آڑ میں ملک و قوم کو دہشت گردوں کے حوالے کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ استحصالی نظام انتخاب عوام کو تحفظ دینے میں مکمل طور پر ناکا م ہو چکا ہے۔ مصلحت کی زنجیروں سے آزاد ہو کر آہنی ہاتھوں سے دہشت گردی کے فتنے کا سرکچلنے کی ضرورت ہے۔ دہشت گردی کا خاتمہ بیانات سے قیامت تک نہ ہوگا۔ اس کے لئے سخت ترین اقدامات کرنا ہوں گے کیونکہ ملکی تشخص اور سلامتی سے بڑھ کر کچھ نہیں ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایسے واقعات کو روکنے کے لئے وفاقی و صوبائی حکومتیں سنجیدہ اور ٹھوس اقدامات کریں ورنہ ملکی سلامتی کو ناقابل تلافی نقصان ہو سکتا ہے۔

مظاہرے میں میاں کاشف محمود، علامہ غلام مرتضیٰ، میاں عرفان اسلم، رانا تجمل حسین، ملک سرفراز قادری، ملک شبیر حسین ایڈووکیٹ،  ضلعی سیکرٹری اطلاعات غلام محمد قادری بھی موجود تھے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top