متاثرین زلزلہ کیلئے پاک فوج کے ساتھ ساتھ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو بھی حرکت میں آنا ہو گا۔ شیخ زاہد فیاض

مواصلاتی نظام تباہ ہو جانے کی وجہ سے کئی علاقوں میں ابھی تک امدادی سرگرمیاں شروع نہ ہو سکیں
منہاج ویلفیئر فاؤ نڈیشن ان اشیاء کی فوری فراہمی کا انتظام کرے جو متاثرہ علاقوں میں درکار ہیں
شیخ زاہد فیاض کی پاکستان عوامی تحریک بلوچستان کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر شیخ زاہد فیاض نے کہا ہے کہ بلوچستان اور سندھ میں ملکی تاریخ کے بدترین زلزلے سے جو تباہی آ ئی ہے وہ ایک بہت بڑے امدای آپریشن کا تقاضا کرتی ہے۔ متاثرین زلزلہ کیلئے کی جانیوالی امدادی کارروائیوں کیلئے پاک فوج کے ساتھ ساتھ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو بھی حرکت میں آنا ہو گا تا کہ مظلوم اور مصیبت میں مبتلا ہم وطنوں کو امداد مہیا کی جا سکے اور انکی بحالی ممکن ہو سکے۔ منہاج ویلفیئر فاؤ نڈیشن ہنگامی طور پر ان اشیاء کی فوری فراہمی کا انتظام کرے جو ان متاثرہ علاقوں میں درکار ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک بلوچستان کے ایک وفد سے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، جبکہ اس موقع پر ساجد محمود بھٹی، علامہ لطیف مدنی، جواد حامد، مشتاق نوناری ایڈووکیٹ، آصف سلہریا ایڈووکیٹ، ایم ایچ شاہین اور سید امجد علی شاہ بھی موجود تھے۔ صدر پاکستان عوامی تحریک نے کہا کہ NDM اور اسی طرح کے دیگر ادارے جو اس قسم کے حالات سے نبٹنے کیلئے بنائے گئے وہ فوری طور پر اپنی صلاحیتوں کو برؤے کار لائیں تاکہ متاثرین کی فوری مدد کی جا سکے۔

وفد نے صدر پاکستان عوامی تحریک کو بتایا کہ بلوچستان میں زلزلے سے سینکڑوں گھر اور دکانیں زمین بوس ہو گئیں ہیں اور کئی علاقوں میں ملبے تلے میں دبے ہوئے ہیں۔ سڑکیں نہ ہونے اور مواصلاتی نظام تباہ ہو جانے کی وجہ سے کئی علاقوں میں ابھی تک امدادی سرگرمیاں شروع نہ ہو سکیں اور نہ ہی ان علاقوں میں ہونے والی تباہی اور نقصان کا اندازہ لگایا جا سکا ہے۔ شیخ زاہد فیاض نے اس موقع پر زلزلے سے شہید ہو جانے والوں کی مغفرت، زخمیوں کی جلد صحتیابی اور متاثرین کی بحالی کیلئے خصوصی دعا بھی کی اور کہا کہ پاکستان عوامی تحریک مشکل کی اس گھڑی میں اپنے ہم وطنوں کے ساتھ ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top