انقلاب اب اس دھرتی کا مقدر بن چکا ہے، فاروق بٹ

ڈاکٹر طاہرالقادری کی نمازانقلاب کی گونج پورے ملک میں گونجنے لگی ہے
قوم جماعت کا حصہ بنے اور اس عوام دشمن نظام کے خاتمے کے لئے صف آرا ہوجائے
بھارت میں الیکشن کمیشن کا (VOTE 4 NONE) کا آپشن الیکشن کمیشن آف پاکستان کے منہ پر طماچہ ہے

پاکستان عوامی تحریک این اے 48 کے صدر فاروق بٹ نے کہاہے کہ آج وطن عزیز پاکستان میں فکری، نظریاتی اور سیاسی غلامی کا دور دورہ ہے۔ پوری قوم کو فکری، نظریاتی، سیاسی غلامی اور اقتصادی زنجیروں میں جکڑ کے رکھ دیاگیا ہے، جن قوموں کو غلامی کی زنجیروں میں جکڑ کے رکھ دیا جائے پھر وہ قومیں ذہنی، فکری، نظریاتی اور اعتقادی اعتبار سے بھی آزاد نہیں رہتیں بلکہ منطقی انجام کے طور پر وہ فکری اور نظریاتی غلامی میں چلی جاتی ہیں۔ ان غلامی کی زنجیروں کو توڑنے کے لئے پوری قوم کو پاکستان عوامی تحریک کا ساتھ دینا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کی ایک کروڑ نمازیوں کی تیاری کے سلسلے میں رابطہ مہم کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی الیکشن کمیشن کا VOTE 4 NON کا آپشن الیکشن کمیشن آف پاکستان کے منہ پر طمانچہ ہے۔ ملک میں ہونے والے حالیہ انتخابات غیر آئینی ہونے کے باعث پارلیمنٹ کا وجود بھی غیر آئینی ہو چکاہے۔ حالات بتا رہے ہیں کہ انقلاب اب اس دھرتی کا مقدر بن چکاہے اور ڈاکٹر طاہرالقادری کی نماز انقلاب کی گونج پورے ملک میں گونجنے لگی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ملک کے حالات بدترین ہو چکے ہیں، سیاسی لیڈر عوام کواپنے ذاتی مفادات کی بھینٹ چڑھا رہے ہیں اور حکومت نے آئی ایم ایف سے خفیہ شرائط پر قرضے لے کر سارا بوجھ عوام پر ڈال دیا ہے اور خود سیر و تفریح میں مصروف ہیں۔ موجودہ حکومت یہ کہہ کر جان نہ چھڑائے کہ ان کو ابھی تین مہینے ہوئے ہیں ایسا ہرگز نہیں ہے گزشتہ 30 سالوں سے یہی دونوں دھڑے برسراقتدار ہیں اور ملک آج جن مسائل کا شکار ہے اس کے ذمہ دار سابقہ اور موجودہ حکمران ہیں جو پچھلے عرصے سے قوم پر مسلط ہیں۔ ان کی نااہلی اور عوام دشمن پالیسیوں نے ملک کو دیوالیہ بنا دیا ہے۔ اب ضرورت ہے کہ قوم جماعت کاحصہ بنے اور اس عوام دشمن نظام کے خاتمے کے لئے صف آرا ہوجائے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top