بجلی کے نرخوں میں حالیہ ظالمانہ اضافہ عوام کش اقدام ہے، فیصلہ فوری واپس لیا جائے، شیخ زاہد فیاض

عوام دشمن اقدامات سے لگتا ہے حکمرانوں نے عوام کے برقی قتل کا فیصلہ کر لیا ہے
پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کے نرخوں میں ظالمانہ اضافے سے مہنگائی میں ہولناک اضافہ ہو گا
اضافہ واپس نہ لیا گیا توپاکستان عوامی تحریک ملک گیر احتجاجی مظاہرے کرے گی

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر شیخ زاہد فیاض نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ نے غریب عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ حالیہ ظالمانہ اضافہ عوام کی توقعات کے بالکل برعکس ہے۔ ہر دس دن بعد بجلی کے جھٹکے دے کر اور پٹرول بم گرا کر عوام کے معاشی قتل کی حکومتی روش جاری ہے۔ حکومت نے 100دن میں بجلی کے نرخوں میں 60 فی صد ریکارڈ اضافہ کر کے لوگوں کو اندھیروں میں دھکیل دیا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کے نرخوں میں اضافے کو مسترد کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ فیصلہ فوری واپس لیا جائے بصورت دیگر پاکستان عوامی تحریک ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کرے گی اور احتجاجی تحریک بھی چلائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پاکستان عوامی تحریک کی سینٹرل ورکنگ کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جبکہ اس موقع پر خرم نواز گنڈا پور، بشارت عزیز جسپال، فیاض وڑائچ، جواد حامد، ساجد بھٹی، عاقل ملک، تنویر خان، مشتاق نوناری ایڈووکیٹ، ایم ایچ شاہین ایڈووکیٹ اور دیگر بھی موجود تھے۔

صدر پاکستان عوامی تحریک نے پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کے نرخوں میں حالیہ ظالمانہ اضافے کوعوام کش اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے لگتا جیسے حکمرانوں نے عوام کے برقی قتل کا فیصلہ کر لیا ہے۔ قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی میں ہولناک اضافہ ہو گا۔ پاکستان عوامی تحریک کو پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کے نرخوں میں حالیہ اضافہ کسی صورت بھی قبول نہیں۔ فیصلہ عوام دشمن ہے، اگر فوری واپس نہ لیا گیا تو ملک گیر احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت نقصان میں ہے، سماجی مسائل نے خوفناک صورتحال اختیار کر لی ہے اس کے باوجود نام نہاد حکمران ٹس سے مس نہیں ہو رہے۔ انہوں نے کہا کہ سارے مسائل کی جڑ موجودہ فرسودہ نظام انتخاب ہے جس کے ذریعے کروڑوں، اربوں روپے خرچ کر کے آنے والے حکمرانوں کو عوامی مسائل کی کیا پرواہ۔ مہنگائی جتنی چاہے بڑھے اس نظام کے ذریعے اقتدار میں آنے والوں کو اس کا کوئی غم اور افسوس نہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو مقتدر طبقات سے توقع وابستہ کرنے کی بجائے اپنے خوبواں کی تعبیر کیلئے خود اختیار و اقتدار کا مالک بننا ہو گا۔ ورنہ یہی ظالمانہ نظام اور یہی ظالم حکمران انہیں جینے دیں گے اور نہ ہی آگے بڑھنے دیں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top