مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کا 19واں یوم تاسیس آج ملک بھر میں انتہائی جوش و خروش سے منایا جائے گا

طلبہ معاشرے کا حسن اورملکوں کا مستقبل ہوتے ہیں
حکومت اس بات کو یقینی بنائے کہ کالجوں اور یونیورسٹیوں کا ماحول تعلیم دوست ہو۔ عرفان یوسف

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر عرفان یوسف نے کہا ہے کہ طلباء کی اولین ترجیح کتاب سے دوستی ہونا چاہیے۔ جو اس رشتے کو مضبوط کر لیتے ہیں وہی ملک و قوم کیلئے تعمیری کردار ادا کر سکتے ہیں۔ حصول علم کے دوران سیاست میں ملوث ہونے والے حقیقی لیڈر نہیں بن سکتے ہیں۔ زمانہ طالب علمی میں سیاست کرنے والے آج کی روایتی سیاست میں نمایاں تو ہیں مگر وہ موجودہ عوام دشمن نظام کا حصہ بن کر سیاسی پارٹیوں کے طفیلی بن کر گزارہ کر رہے ہیں۔ موجودہ نظام انکا اور وہ اسکے محافظ ہیں۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کا 19واں یوم تاسیس آج مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن کے علاوہ ملک بھر میں انتہائی جوش و خروش سے منایا جائے گا۔ ملک کے تمام بڑے اضلاع میں یوم تاسیس کے حوالے سے تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا۔ مرکزی تقریب ماڈل ٹاؤن مرکزی سیکرٹریٹ میں ہو گی اس موقع پر کیک بھی کاٹا جائے گا اور مستقبل کے اہداف پر بھی غور کیا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے 19ویں یوم تاسیس کی تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جبکہ اس موقع پر رضوان بشیر، عبد العمار منعم اورعماد شیخ بھی موجود تھے۔

عرفان یوسف نے کہا کہ حقیقی لیڈر وہی ہوتا ہے جو قوم کی رہنمائی حقیقی سمت میں کرے اور ایسا وہی کر سکتا ہے جس نے دوران تعلیم صرف حصول علم کو ہی اولیت دی ہو۔ انہوں نے کہا کہ تشدد کی راہ اپنانے والے طلبہ اپنا مستقبل برباد کرتے ہیں اس لئے طلبہ قلم اور کتاب سے رشتہ مضبوط کریں۔ یہ کردار سنوارتے ہیں اور کردار سے بڑھ کر کوئی اور اسلحہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ غنڈہ گردی کے بل بوتے پر کالجوں اور یونیورسٹیوں میں خوف پھیلانے والے عناصر کو طلبہ کی اکثریت نے مسترد کر دیا ہے۔ طلبہ معاشرے کا حسن اور ملکوں کا مستقبل ہوتے ہیں اس لئے حکومت اس بات کو یقینی بنائے کہ کالجوں اور یونیورسٹیوں کا ماحول تعلیم دوست ہو جہاں طلبہ صرف تعلیم کے حصول تک محدود رہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top