یہ نظام زیادہ نہیں چل سکتا، پاکستان عوامی تحریک اس نظام کا دھڑن تختہ کر کے دم لیگی، عمر ریاض عباسی

زرداری کو سڑکوں پر گھسیٹنے کے دعوے کرنے والوں نے سابقہ صدر کو پروٹوکول کے ساتھ رخصت کر کے مک مکا کی سیاست پر مہر لگا دی
ڈاکٹر طاہرالقادری ٹھیک کہتے تھے ان الفاظ کاجادو سر چڑھ کر بول رہا ہے

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عمر ریاض عباسی نے کہا ہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری ٹھیک کہتے تھے ان الفاظ کاجادو سر چڑھ کر بول رہا ہے۔ پوری قوم کے باشعور افراد آج ڈاکٹر طاہرالقادری کی کہی ہوئی باتوں کو یاد کر کے کہہ رہے ہیں کہ ڈاکٹر طاہرالقادری اس وقت ٹھیک کہہ رہے تھے لیکن عوام دشمن اور عوام کش نظام کے محافظوں نے اس وقت ڈاکٹر طاہرالقادری کے خلاف گٹھ جوڑ کرلیا تھا تاکہ ان کے مفادات والا نظام تبدیل نہ ہو سکے اور غریب عوام ان کے مزارع بن کر دردر کی ٹھوکریں کھاتے رہیں۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے قوم کی نبض پر ہاتھ رکھ کے مرض کی تشخیص کر دی ہے، انہوں نے نظام کی تبدیلی کے لئے اذان دے دی اور اب جماعت کی تیاریاں جاری ہیں۔ پورے ملک کے کارکنان جماعت کی تیاریوں کے لئے دن رات برسرپیکار ہیں۔ ممبر سازی مہم اپنے عروج پر ہے، جس دن جماعت ہوگی اس دن کے بعد پاکستان حقیقی معنوں میں قائداعظم رحمۃ اللہ علیہ کے خواب کی تعبیر بن کر دنیا کے نقشے پر نمودار ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ آج وقت نے ثابت کردیا کہ پاکستان عوامی تحریک کے قائد نے 23 دسمبر سے لے کر 17جنوری تک قوم کو جن آنے والے حالات سے خبردار کیا تھا وہ آج حقیقت بن کر قوم کے سامنے آچکے ہیں اور مک مکا کی سیاست کے نتیجے میں بننے والی حکومت نے غریب کی زندگی کو محرومیوں میں بدل دیا ہے۔ آج روزمرہ گھریلو اشیا آٹا، گھی، چاول، سبزیاں، دالیں، دودھ جیسی اشیاء کا حصول غریب عوام کے لئے مشکل ہوگیا ہے۔ عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی گئی ہے، موجودہ حکمران پچھلے حکمرانوں سے سبقت لے جانے میں مصروف عمل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ زرداری کو سڑکوں پر گھسیٹنے والوں نے سابقہ صدر کو جس پروٹوکول کے ساتھ رخصت کیا اور ان کے بدترین پانچ سالہ دور کو تاریخ کا بہترین دور قرار دے کر مظلوم عوام کے زخموں پر نمک چھڑکا ہے اور مک مکا کی سیاست کا عملی نمونہ بھی پیش کردیا ہے، اب قوم کو سمجھنا ہوگا کہ اس کا اصل دشمن کون ہے اور اپنے اصل دشمن کے خلاف صف بندی میں شامل ہونا ہوگا اور تحریک پاکستان کے جذبے کے ساتھ انقلاب کے لئے نکلنا ہوگا۔ تمام نظام اور سب جماعتیں آزمائی جاچکی ہیں، اب فقط پاکستان عوام تحریک ہی وہ جماعت ہے جو ملک میں تبدیلی لا سکتی ہے اور مصطفوی انقلاب ہی اس ملک کامقدر ہے۔ انہوںنے کہاکہ اب یہ نظام زیادہ نہیں چل سکتا،پاکستان عوامی تحریک اس نظام کادھڑن تختہ کر کے دم لیگی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top