دونوں بڑی سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کو کندھا دیکر اقتدار کے دورانیے کو پورا کروا رہی ہیں۔ خرم نواز گنڈا پور
معیشت کا جنازہ اٹھ رہا ہے، روپے کے مقابلے میں ڈالر تاریخ کی بلند
ترین سطح پر پہنچ چکا
پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہد کرپٹ، بدعنوان اور جبری سیاسی نظام سے عوام کو نجات
دلانے کیلئے ہے
نظام انتخاب میں تبدیلی کیلئے پاکستان عوامی تحریک کی عملی کاوشیں ثمر آور ہو رہی ہیں
پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ پاکستان کی دونوں بڑی سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کو کاندھا دیکر اقتدار کے دورانیے کو پورا کروا رہی ہیں۔ دونوں سیاسی جماعتوں کے قائدین اور اعلیٰ عہدیداران وزارتوں کے مزے لوٹتے ہوئے ملک و قوم کی قسمت کے ساتھ بھیانک کھیل کھیل رہے ہیں۔ اس خوفناک کھیل کی وجہ سے غریب اور سفید پوش طبقہ کیلئے دو وقت کی روٹی کا حصول مشکل ہو گیا ہے۔ اگر حکمرانوں نے مہنگائی، لاقانونیت، امیر اور غریب کے درمیان فرق اور بے روزگاری پر قابو نہ پایا تو اس ملک کے 19 کروڑ غریب اور مفلوک الحال عوام جو اکیسویں صدی میں بھی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں انکا ہاتھ ہو گا اور ظالموں کا گریبان۔ سیدہ کائنات حضرت فاطمۃ الزہراہ فرماتی ہیں کہ جب کوئی بھوکا دیکھو تو یہ مت سمجھو کہ خدا کے رزق میں کمی ہے بلکہ سمجھ جاؤ کے کسی ظالم نے اسکا رزق چھین لیا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہد بھی یہی ہے کہ عوام کو موجودہ کرپٹ، بدعنوان اور جبری سیاسی نظام سے نجات دلائی جائے اور انکے حقوق انہیں دلائے جائیں۔
وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پاکستان عوامی تحریک فیصل آباد اور سرگودھا کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے جبکہ بشارت عزیز جسپال، فیاض وڑائچ، ایم ایچ شاہین، رفیق انجم اور چودھری افضل گجر بھی موجود تھے۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ نام نہاد جمہوری فکر اور جمہوریت کے سائے تلے اقتدار سیاست کے مزے لوٹنے والے جمہوریت کے بنیادی ایجنڈے سے واقف بھی نہیں۔ ملک میں امن و امان کی صورتحال قابو سے باہر ہے، معیشت کا جنازہ اٹھ رہا ہے، روپے کے مقابلے میں ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکا ہے جبکہ حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے اور حکمران ہوش کے ناخن دکھانے سے قاصر ہیں۔ مہنگائی کا جن اس قدر بے قابو ہو چکا ہے کہ ساری قوم سراپا احتجاج ہے۔ کیا جمہوریت ایسی ہوتی ہے؟ انہوں نے کہا کہ حکومتی شیروں نے اپنے ابتدائی 100 دنوں میں ہی غریب عوام کا گوشت کھانا اور خون پینا شروع کر دیا ہے۔
خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ قومی ادارے نادرا کی حالیہ رپورٹ غیر آئینی الیکشن کمیشن کے منہ پر زناٹے دار طمانچہ ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے 11 مئی کے الیکشن سے قبل جو کچھ بھی کہا ہر بات وقت کے ساتھ ساتھ درست ثابت ہو رہی ہے۔ دھن، دھونس اور دھاندلی پر مبنی نظام انتخاب کی اس تمام تباہی کا اصل ذمہ دار ہے۔ نظام انتخاب میں تبدیلی کیلئے پاکستان عوامی تحریک کی عملی کاوشیں ثمر آور ہو رہی ہیں۔ قوم حقیقی تبدیلی کیلئے پاکستان عوامی تحریک کا ساتھ دے تا کہ ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔
تبصرہ